پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

درویش بھارتی کی غزلیں — Darvesh Bharti Ghazals

درویش بھارتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب محبت کا کسی شے پہ اثر ہو جائے (غزل)

جب محبت کا کسی شے پہ اثر ہو جائے

ایک ویران مکاں بولتا گھر ہو جائے

میں ہوں سورج مکھی تو میرا ہے دل بر سورج

تو جدھر جائے مرا رخ بھی ادھر ہو جائے

رنج و غم عیش و خوشی جس کے لیے ایک ہی ہوں

عمر اس شخص کی شاہوں سی بسر ہو جائے

جو بھی دکھ درد مصیبت کا پئے وش ہنس کر

کیوں نہ سقراط کی صورت وہ امر ہو جائے

لوٹ آؤ جو کبھی رام کی صورت تم تو

من کا سنسان اودھ دیپ نگر ہو جائے

کھا کے پتھر بھی جو مسکان بکھیرے ہر سو

باغ عالم کا وہ پھل دار شجر ہو جائے

ہم نے جانا ہے یہی آ کے جہاں میں درویشؔ

ہونا چاہے جو نہ ہرگز وہ بشر ہو جائے

خوش فہمیٔ ہنر نے سنبھلنے نہیں دیا (غزل)

خوش فہمیٔ ہنر نے سنبھلنے نہیں دیا

مجھ کو مری انا ہی نے پھلنے نہیں دیا

چاہا نئے سے ریتی رواجوں میں میں ڈھلوں

لیکن روایتوں نے ہی ڈھلنے نہیں دیا

ایک ایک شے بدلتی گئی میرے آس پاس

حالات نے مجھے ہی بدلنے نہیں دیا

چلنا تھا ساتھ ساتھ ہمیں عمر بھر مگر

ناپائیدار عمر نے چلنے نہیں دیا

دل مے کدے کی سمت چلا تھا مگر اسے

اس راستے پہ عقل نے چلنے نہیں دیا

انجام آرزو کا برا ہے بس اس لئے

دل میں کبھی چراغ یہ جلنے نہیں دیا

درویشؔ بے قرار رہا دل تمام عمر

موقع سکوں کا ایک بھی پل نے نہیں دیا