دانش کارنجوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ میسر بھی نہیں اور کبھی ہوگا بھی نہیں (غزل)
وہ میسر بھی نہیں اور کبھی ہوگا بھی نہیں
ہم اسے ڈھونڈنے نکلے جسے دیکھا بھی نہیں
اب کے تجدید ملاقات کے ارماں بھی نہیں
دل میں اب وہ بھی نہیں اس کی تمنا بھی نہیں
اس کی آنکھوں پہ ہم الزام وفا کیا رکھتے
اس نے تو آنکھ اٹھا کر ہمیں دیکھا بھی نہیں
تشنگی حد سے سوا ہے مری پر کیا کیجیے
ہر طرف دشت پڑا ہے کوئی دریا بھی نہیں
لگ رہا تھا کہ بچھڑنے پہ نا مر جائے مگر
وہ بھی زندہ ہیں برا حال ہمارا بھی نہیں
ہمارے درمیاں کچھ سلسلے جیسا نہیں لگتا (غزل)
ہمارے درمیاں کچھ سلسلے جیسا نہیں لگتا
سو اس سے گفتگو کرنا بھی اب اچھا نہیں لگتا
یہ ممکن ہے کہ حق گوئی میں میرا سر اتر جائے
تمہارے شہر کا منصف مجھے سچا نہیں لگتا
بلندی پیڑ سے سائے کی چادر چھین لیتی ہے
جو سایہ دار ہوتا ہے بہت اونچا نہیں لگتا
میں قیمت دیکھ کر اک دن کھلونا چھوڑ آیا تھا
مگر بچی نے مانگا ہے تو اب مہنگا نہیں لگتا
اگر مہلت ملے تو عشق کا اظہار کر لینا
زیادہ صبر بھی کرنے سے پھل میٹھا نہیں لگتا