پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چندراشیکھر پانڈے شمس کی غزلیں — Chandrashekhar Pandey Shams Ghazals

چندراشیکھر پانڈے شمس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بڑھ کر کسی سے ہاتھ ملانے نہیں گئے (غزل)

بڑھ کر کسی سے ہاتھ ملانے نہیں گئے

تیور وہی ہیں اب بھی پرانے نہیں گئے

دالان اپنی چھان کے بیٹھے تمام عمر

چکر کسی محل کا لگانے نہیں گئے

جب بھی گئے تو بیٹھ گئے پاؤں کے تلے

غلطی سے بھی بڑوں کے سرہانے نہیں گئے

محفل میں تیری شور ہے میرے ہی نام کا

جانے کے بعد بھی وہ فسانے نہیں گئے

اپنے ہنر سے شمسؔ تھے جگنو تھے جو بھی تھے

فوٹو کسی کے ساتھ کھنچانے نہیں گئے

رسی تو جل گئی مگر اینٹھن نہیں گئی (غزل)

رسی تو جل گئی مگر اینٹھن نہیں گئی

چاہت تمہاری یوں دم کشتن نہیں گئی

تم چاہتے نہیں تھے ہمیں پھر یہ کیوں ہوا

اب بھی تمہاری آنکھوں کی الجھن نہیں گئی

کروٹ بدل کے کاٹی تھی ہر شب ترے بغیر

عادت وہ اب بھی چھوڑ کے مدفن نہیں گئی

ساری خدائی ویسے لگی تو رہی مگر

اس دل سے تیری یاد بھی دشمن نہیں گئی

اک بت کے عشق میں تو کرے ہے خدا خدا

اے شمسؔ تیری ذات برہمن نہیں گئی