پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چندو لعل بہادر شادان کی غزلیں — Chandu Lal Bahadur Shadan Ghazals

چندو لعل بہادر شادان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آنکھ سے پردہ نہ کر پردے کا گھر یہ بھی تو ہے (غزل)

آنکھ سے پردہ نہ کر پردے کا گھر یہ بھی تو ہے

تو تو دیکھے ہم نہ دیکھیں طرفہ تر یہ بھی تو ہے

بھول کر دیکھا تجھے آنکھوں میں ہے تیری شبیہ

دیکھتا ہی کیوں ادھر پیش نظر یہ بھی تو ہے

چھپ کے اس کو دیکھنا چاہیں تو دیکھیں کس طرح

دیکھتے دیکھے نہ کوئی ہم کو ڈر یہ بھی تو ہے

یوں صنم ہم سے صفائی کہ نہیں کرتے کلام

بات کرنے میں تمہارے اک ہنر یہ بھی تو ہے

ہے بہت مشتاق شاداںؔ کب ادھر آئے گا تو

اس طرف آ جا کہ تیری رہ گزر یہ بھی تو ہے

بہار چشم ترے حسن کی بہار سے لوں (غزل)

بہار چشم ترے حسن کی بہار سے لوں

شمیم لوں تو تری زلف مشکبار سے لوں

نہیں ہے کام کسی غیر سے مجھے ہرگز

جو کچھ بھی لوں تو یہ لالچ ہے اپنے یار سے لوں

مجھے ہے کام اسی سے کسی کو کب جانوں

ملے جو ایک سے تو کس لئے ہزار سے لوں

نہیں لڑی ہے مری آنکھ دوسرے کی طرف

مزہ نظارے کا اس چشم پر خمار سے لوں

شب وصال میسر ہے کیوں نہ اے شاداںؔ

ایاغ بادۂ گل رنگ گل عزار سے لوں

مزید غزلیں از چندو لعل بہادر شادان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں