پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چندر پرکاش جوہر بجنوری کی غزلیں — Chandra Parkash Jauhar Bijnauri Ghazals

چندر پرکاش جوہر بجنوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حجاب بن کے وہ میری نظر میں رہتا ہے (غزل)

حجاب بن کے وہ میری نظر میں رہتا ہے

مجھی سے پردہ ہے میرے ہی گھر میں رہتا ہے

کبھی کسی کا تجسس کبھی خود اپنی تلاش

عجیب دل ہے ہمیشہ سفر میں رہتا ہے

جسے خیال سے چھوتے ہوئے بھی ڈرتا ہوں

اک ایسا حسن بھی میری نظر میں رہتا ہے

جسے کسی سے کوئی واسطہ نہیں ہوتا

سکوں کے ساتھ وہی اپنے گھر میں رہتا ہے

جس ایک لمحے سے صدیاں بدلتی جاتی ہیں

وہ ایک لمحہ مسلسل سفر میں رہتا ہے

تمام شہر کو ہے جس پہ ناز اے جوہرؔ

اک ایسا شخص ہمارے نگر میں رہتا ہے

پہلے تو اس کی ذات غزل میں سمیٹ لوں (غزل)

پہلے تو اس کی ذات غزل میں سمیٹ لوں

پھر ساری کائنات غزل میں سمیٹ لوں

ہوتے ہیں رونما جو زمانے میں روز و شب

وہ سارے حادثات غزل میں سمیٹ لوں

پہلے تو میں غزل میں کہوں اپنے دل کی بات

پھر سب کے دل کی بات غزل میں سمیٹ لوں

کوئی خیال ذہن سے بچ کر نہ جا سکے

سارے تصورات غزل میں سمیٹ لوں

مقبول بارگاہ رسالت ہوں میرے شعر

سرمایۂ نجات غزل میں سمیٹ لوں

جوہرؔ وہ بات جس کا تعلق ہو زیست سے

ایسی ہر ایک بات غزل میں سمیٹ لوں