چاندنی پانڈے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مجھے تلاش تھی جس کی وہی کبھی نہ ملی (غزل)
مجھے تلاش تھی جس کی وہی کبھی نہ ملی
ہر ایک چیز ملی ایک زندگی نہ ملی
تری تلاش میں پیروں میں پڑ گئے چھالے
مگر اے منزل مقصود تو کبھی نہ ملی
خوشی سے دوستی میری بھی تھی مگر اک دن
خفا ہوئی وہ کچھ ایسی کہ پھر کبھی نہ ملی
وہ جس چراغ کے دم سے مکان روشن تھا
اسی چراغ کو خود اپنی روشنی نہ ملی
تمہارے ہجر میں ایسا بھی وقت آیا ہے
بدن ٹٹول کے دیکھا تو نبض ہی نہ ملی
یہ جسم ہے کہ فقط شور گل ہے سانسوں کا
یہ آنکھ ہے کہ کوئی خواب دیکھتی نہ ملی
دل و دماغ پہ حاوی رہا غم دوراں
خوشی کے ساتھ بھی رہ کر مجھے خوشی نہ ملی
مجھے نہ مل سکا سورج مرے مکدر کا
ترا نصیب تجھے میری چاندنیؔ نہ ملی
ایک مدت سے اسے دیکھا نہیں (غزل)
ایک مدت سے اسے دیکھا نہیں
اب مگر کاجل مرا بہتا نہیں
اک مرض میں مبتلا ہے دل مرا
کیا مرض ہے یہ پتہ چلتا نہیں
دوستی جب سے ہوئی تعبیر سے
خواب پیچھا ہی مرا کرتا نہیں
جی نہیں سکتا ہے وہ میرے بنا
اس قدر وشواس بھی اچھا نہیں
دور سے آواز دیتا ہے کوئی
اور میرے سامنے رستا نہیں
سارے موسم ایک جیسے ہو گئے
اب یہ دل ہنستا نہیں روتا نہیں
ڈایری پر آنکھ سے ٹپکا ہے کچھ
میں نے کوئی شعر تو لکھا نہیں