چندر واحد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لمحہ وہ تیری یاد کا ایسے گزر گیا (غزل)
لمحہ وہ تیری یاد کا ایسے گزر گیا
جیسے کہ پھول شاخ سے ٹوٹا بکھر گیا
کل چھانو مل سکے گی سبھی کو یہ سوچ کر
جس نے لگائے پیڑ وہ بوڑھا کدھر گیا
جو پتھروں کے بدلے میں دیتا تھا پھل مجھے
دور خزاں بتا تو کہاں وہ شجر گیا
قائم ہے دل میں آج بھی اڑنے کا حوصلہ
صیاد وقت لاکھ مرے پر کتر گیا
دھڑکن سنائی دیتی تھی ہر ایک لفظ میں
کیا جانے شاعری سے کہاں وہ ہنر گیا
وہ دیکھنے میں فقط راستے کا پتھر ہے (غزل)
وہ دیکھنے میں فقط راستے کا پتھر ہے
ہزار راہبروں سے مگر وہ بہتر ہے
سمے کمہار ہے جو چاک پر نچاتا ہے
یہ زندگی تو صراحی کا ناچنا بھر ہے
جو خالی ہاتھ ہے آیا وہ کیا خریدے گا
اسے تو دنیا کے میلے کو دیکھنا بھر ہے
یہ دیکھنا ہے کہ جیتے گا کون بازی کو
مقابلے میں مرا گھر ہے اور محشر ہے
غموں کی آگ سے خود کو ذرا بچا رکھنا
کہ جس میں رہتے ہو واحدؔ وہ موم کا گھر ہے
مزید غزلیں از چندر واحد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں