پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چندر بھان کیفی دہلوی کی غزلیں — Chandar Bhan Kaifi Dehelvi Ghazals

چندر بھان کیفی دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا حسن ہے یوسف بھی خریدار ہے تیرا (غزل)

کیا حسن ہے یوسف بھی خریدار ہے تیرا

کہتے ہیں جسے مصر وہ بازار ہے تیرا

تقدیر اسی کی ہے نصیبہ ہے اسی کا

جس آنکھ سے کچھ وعدۂ دیدار ہے تیرا

تا زیست نہ ٹوٹے وہ مرا عہد وفا ہے

تا حشر نہ پورا ہو وہ اقرار ہے تیرا

برچھی کی طرح دل میں کھٹکتی ہیں ادائیں

انداز جو قاتل دم رفتار ہے تیرا

کیا تو نے کھلائے چمن بزم میں کیفیؔ

کیا رنگ گل افشائی گفتار ہے تیرا

جہاں رنگ و بو ہے اور میں ہوں (غزل)

جہاں رنگ و بو ہے اور میں ہوں

بہار آرزو ہے اور میں ہوں

سکوں کا کام کیا اس میکدے میں

ازل سے ہا و ہو ہے اور میں ہوں

الٰہی شرع میں رکھا ہی کیا ہے

نماز بے وضو ہے اور میں ہوں

جو تم آئے تو آئی جان میں جاں

مقدر روبرو ہے اور میں ہوں

مری رسوائیاں ہیں اور تم ہو

تمہاری گفتگو ہے اور میں ہوں

ترے دیدار کی جویا ہیں آنکھیں

تلاش چار سو ہے اور میں ہوں

عجب شے خود فراموشی ہے کیفیؔ

صراحی ہے سبو ہے اور میں ہوں

ہیں جسودھا کے لئے زینت آغوش کہیں (نظم)

ہیں جسودھا کے لئے زینت آغوش کہیں

گوپیوں کے بھی تصور سے ہیں روپوش کہیں

دوارکا جی کا بسانا تو مبارک لیکن

کر نہ دیں برج کی گلیوں کو فراموش کہیں

کھا کے تندل کہیں اعزاز سداما کو دیا

ساگ خوش ہو کے بدر جیؔ کا کیا نوش کہیں

خود بچن دے کے جراؔ سندھ سے رن میں بھاگے

رہے بد گوئی ششپال پہ خاموش کہیں

دوارکا دھیش کہیں بن کے مکٹ سر پہ رکھا

کالی کملی رہی جنگل میں سردوش کہیں

گوپیاں سن کے مرلیا ہوئیں ایسی بیتاب

گر گئے ہار کہیں رہ گئی پاپوش کہیں

مدھ بھرے نین سے آنکھیں نہ ملاؤ کیفیؔ

لوگ مشہور نہ کر دیں تمہیں مے نوش کہیں

مزید غزلیں از چندر بھان کیفی دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں