پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چاند ککرالوی کی غزلیں — Chand Kakralvi Ghazals

چاند ککرالوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایسا محسوس ہوا ہے ترے انعام کے بعد (غزل)

ایسا محسوس ہوا ہے ترے انعام کے بعد

جیسے مزدور کو مزدوری ملے کام کے بعد

یہ محبت کا سفر ایسا سفر ہوتا ہے

جس میں محسوس تھکن ہوتی ہے آرام کے بعد

میرے بستر پہ مری لاش پڑی رہتی ہے

اپنے پیکر سے نکل جاتا ہوں میں شام کے بعد

گفتگو ختم اسی واسطے کر دی میں نے

کون سا نام لیا جاتا ترے نام کے بعد

ذی شعور اس میں کہاں اہل جنوں جیتتے ہیں

ابتدا ہوتی ہے جس کھیل کی انجام کے بعد

شدت بلا کی ہوتی ہے جس وقت پیاس میں (غزل)

شدت بلا کی ہوتی ہے جس وقت پیاس میں

دریا دکھائی دیتا ہے خالی گلاس میں

وہ چیز ڈھونڈنے سے بھی ملتی ہے پھر کہاں

جو چیز کھوئی جاتی ہے ہوش و حواس میں

ان راستوں سے ہم کو گزارا فریب نے

کانٹے چھپے ہوئے تھے جہاں نرم گھاس میں

بے کار کر رہے ہیں شکایت نصیب سے

ریشم کے کیڑے پالنے والے کپاس میں

ہم نے قلم کی نوک چلا کر دماغ پر

ٹانکے ہیں بیل بوٹے غزل کے لباس میں

اے چاندؔ میری سمت ابھی اپنا رخ نہ کر

اس وقت کوئی اور ہے میرے قیاس میں

مزید غزلیں از چاند ککرالوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں