پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چاند اکبرآبادی کی غزلیں — Chand Akbarabadi Ghazals

چاند اکبرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

طبیب ہو کے بھی دل کی دوا نہیں کرتے (غزل)

طبیب ہو کے بھی دل کی دوا نہیں کرتے

ہم اپنے زخموں سے کوئی دغا نہیں کرتے

پرندے اڑنے لگے ہیں غرور کے تیرے

ہوا میں کاغذی پر سے اڑا نہیں کرتے

نکیل ڈالنی ہے نفس کے ارادوں پر

بنا لگام کے گھوڑے تھما نہیں کرتے

دعا کو ہاتھ اٹھاتے نہیں ہر اک کے لئے

تو یہ بھی سچ ہے کہ ہم بد دعا نہیں کرتے

یہ سرخ آندھیاں کیا چاندؔ کا بگاڑیں گی

بلند پیڑ ہوا سے گرا نہیں کرتے

اک ہوا ایسی چلی بگلے بھی کالے ہو گئے (غزل)

اک ہوا ایسی چلی بگلے بھی کالے ہو گئے

چاند کو سردی لگی سورج کو چھالے ہو گئے

مذہبی آتش نے بچپن کی جلا دی دوستی

ہم بھی کعبہ بن گئے تم بھی شوالے ہو گئے

حوصلہ چھونے کا تھا بچپن میں تجھ کو آسماں

برسوں تیری سمت اک پتھر اچھالے ہو گئے

ہجر کی دولت نے مالا مال مجھ کو کر دیا

بال چاندی کے ہوئے سونے کے چھالے ہو گئے

ایرے غیرے نتھو خیرے پڑھ رہے ہیں چہرے اب

چہرے چہرے نہ ہوئے گویا رسالے ہو گئے

داغ سورج کی حکومت پر بھی کچھ تو لگ گیا

کچھ اجالے جب اندھیروں کے نوالے ہو گئے

آئنوں پر پتھروں کے قتل کا الزام کیوں

آئنے آئینے نہ ہوں جیسے بھالے ہو گئے

دیکھ لیتے تم بھی اپنے اس زمیں کے چاندؔ کو

اتنی جلدی آسماں کے کیوں حوالے ہو گئے

مزید غزلیں از چاند اکبرآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں