پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

چندر پرکاش شاد کی غزلیں — Chandra Parkash Shad Ghazals

چندر پرکاش شاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیسا وہ موسم تھا یہ تو سمجھ نہ پائے ہم (غزل)

کیسا وہ موسم تھا یہ تو سمجھ نہ پائے ہم

شاخ سے جیسے پھل ٹوٹے کچھ یوں لہرائے ہم

برسوں سے اک آہٹ پر تھے کان لگائے ہم

آج اس موڑ پہ آپ ہی اپنے سامنے آئے ہم

ہم سے بچھڑ کر تو نے ہم کو کیسا دیا ہے شاپ

آئینے میں اپنی صورت دیکھ نہ پائے ہم

پیڑوں کا دھن لوٹ چکے ہیں لوٹنے والے لوگ

جسم پہ مل کر بیٹھے ہیں پیڑوں کے سائے ہم

سورج نگلیں چاندنی اگلیں شاید ممکن تھا

لیکن اپنی اس امید کے کام نہ آئے ہم

پربت ہو یا پیڑ گھنا ہو یا کوئی دیوار

تیری یاد لئے پھرتے ہیں سائے سائے ہم

گم ہوتی سی لگتی ہے اس گھر کی ہر اک چیز

آئے ہیں بازار سے کیسے تھکے تھکائے ہم

اب یہ تیری اپنی خوشی ہے جو تجھ کو راس آئے

ہم آئے تو ساتھ اپنے سب موسم لائے ہم

کون کسی کا ہوتا ہے یہ جانتے ہیں ہم بھی

پھر بھی سب سے ملتے ہیں یہ بات بھلائے ہم

آنکھ کھلی تو سناٹے کی کوکھ میں تھے بے سدھ

کوئی عجب آواز تھی جس پر اڑتے آئے ہم

دھرتی پر رکھ دیں تو دھرتی کے ٹکڑے ہو جائیں

صبر و غم کا پتھر ہیں سینے سے لگائے ہم

لمحہ لمحہ ٹوٹ رہا ہے کس کی ٹھوکر سے

دیکھتے دیکھتے اجڑ رہے ہیں بسے بسائے ہم

کس کا چہرہ ابھر رہا ہے دل کے مشرق سے

دشا دشا میں گھوم رہے ہیں ہاتھ بڑھائے ہم

گاہ کوئی چٹان جہاں پر وقت کی چاپ تھمے

گاہ بنے بہتا ہوا پل اور ہاتھ نہ آئے ہم

بدن کو اپنی بساط تک تو پسارنا تھا (غزل)

بدن کو اپنی بساط تک تو پسارنا تھا

ہر ایک شے کو لہو کے رستے گزارنا تھا

جدھر فصیلوں نے اس کو موڑا یہ مڑ گئی ہے

ہوا کی موجوں میں کوئی کوندا اتارنا تھا

تو کیا سبب سات پانیوں کو نہ پی سکے ہم

خود اپنا ڈوبا ہوا جزیرہ ابھارنا تھا

میں اپنے اندر سمٹ گیا ایک لمحہ بن کر

کہیں تو اپنے جنم کا منظر گزارنا تھا

تم آ گئے کیوں وجود کی یہ برات لے کر

ہمیں تو اپنی رگوں میں شمشان اتارنا تھا

یہاں سے کٹ کر وہ جا کے جنگل میں سو گئی ہیں

اسی بہانے ہواؤں کو کھیل ہارنا تھا

نہ برج ٹوٹے نہ آنکھ جھپکی نہ وقت بیتا

نہ جانے کیا کچھ بسرنا تھا کیا بسارنا تھا

مزید غزلیں از چندر پرکاش شاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں