پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بشریٰ بختیار خان کی غزلیں — Bushra Bakhtiyar Khan Ghazals

بشریٰ بختیار خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شہر کے شہر بساتے ہوئے مر جاتے ہیں (غزل)

شہر کے شہر بساتے ہوئے مر جاتے ہیں

کار دنیا کو چلاتے ہوئے مر جاتے ہیں

لوگ بچھڑیں تو بسا لیتے ہیں دنیا پھر سے

ہم تو بس ہاتھ چھڑاتے ہوئے مر جاتے ہیں

جب سے تو راہ کی دیوار سمجھتا ہے ہمیں

ہم تری راہ میں آتے ہوئے مر جاتے ہیں

چند چہروں کے لیے دید بچا رکھی تھی

اب تو ہم پلکیں بچھاتے ہوئے مر جاتے ہیں

جو ترے نام سے اشعار کہے تھے ہم نے

ہم وہ اشعار سناتے ہوئے مر جاتے ہیں

وہ سمجھتے ہیں کہ ہم آنکھوں میں گم ہیں بشریٰؔ

ان سے ہم نظریں ملاتے ہوئے مر جاتے ہیں

ہمارے دل میں وہی عکس یار اب بھی ہے (غزل)

ہمارے دل میں وہی عکس یار اب بھی ہے

مراد یہ ہے کہ ہر پل بہار اب بھی ہے

تمہاری آنکھ سے بس آنکھ ہی ملائی تھی

ہماری روح میں اس کا خمار اب بھی ہے

تمہیں تو فرق نہیں پڑتا ہم ملیں نہ ملیں

تمہارے دل پہ انا کا غبار اب بھی ہے

اگر ہو وقت کبھی آ کے دیکھ جانا ذرا

تمہارے غم میں کوئی بے قرار اب بھی ہے

ہم اس سے روٹھ گئے دور ہو گئے بشریٰؔ

مگر خدا کی قسم اس سے پیار اب بھی ہے

مزید غزلیں از بشریٰ بختیار خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں