بشریٰ اعجاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محبت میں کوئی صدمہ اٹھانا چاہئے تھا (غزل)
محبت میں کوئی صدمہ اٹھانا چاہئے تھا
بھلایا تھا جسے وہ یاد آنا چاہئے تھا
گری تھیں گھر کی دیواریں تو صحن دل میں ہم کو
گھروندے کا کوئی نقشہ بنانا چاہئے تھا
اٹھانا چاہئے تھی راکھ شہر آرزو کی
پھر اس کے بعد اک طوفان اٹھانا چاہئے تھا
کوئی تو بات کرنا چاہئے تھی خود سے آخر
کہیں تو مجھ کو بھی یہ دل لگانا چاہئے تھا
کبھی تو اہتمام آرزو بھی تھا ضروری
کوئی تو زیست کرنے کا بہانا چاہئے تھا
مری اپنی اور اس کی آرزو میں فرق یہ تھا
مجھے بس وہ اسے سارا زمانہ چاہئے تھا
مری رات میرا چراغ میری کتاب دے (غزل)
مری رات میرا چراغ میری کتاب دے
مرا صحرا باندھ لے پاؤں سے مجھے آب دے
مرے نکتہ داں ترا فہم اپنی مثال ہے
میں ہوں ایک سادہ سوال کوئی جواب دے
مری چشم نم کسی رت جگے میں الجھ گئی
مری نیند اوڑھ لے رات بھر مجھے خواب دے
مرے گوشوارے میں کون بھرتا گیا لہو
اے مری طلب مجھے ہر گھڑی کا حساب دے
مرے بحر و بر کو سمیٹ لے مرے کوزہ گر
مجھے ان کہی مجھے آگہی کا عذاب دے
پرندے اور پردیسی کبھی واپس نہیں آتے (نظم)
پرندے اور پردیسی کبھی واپس نہیں آتے
جلا وطنوں کے پاؤں کے تلے
دھرتی بڑی کمزور ہوتی ہے
کبھی رستہ نہیں ہوتا
کبھی سایہ نہیں ہوتا
شجر کی آرزوئیں دھوپ کے آنسو بہاتی ہیں
مگر بارش نہیں ہوتی
دعائیں گٹھریوں میں باندھ کر
چوکھٹ پہ بیٹھی
ماؤں کے پتھر وجودوں پر
کبھی مٹی نہیں ہوتی
کبھی سبزہ نہیں اگتا
پرندے اور پردیسی
اگر واپس کبھی آئیں تو
سارے لوک گیتوں داستانوں
اور مٹی میں امانت کی ہوئی آنکھوں کو
اپنے ساتھ لے جائیں!