پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بلبل کاشمیری کی غزلیں — Bulbul Kashmiri Ghazals

بلبل کاشمیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شاعر بنے ہیں ڈاکٹر جو ڈاکٹر نہ تھے (غزل)

شاعر بنے ہیں ڈاکٹر جو ڈاکٹر نہ تھے

منزل انہیں ملی جو شریک سفر نہ تھے

گیسوئے یار پہلے تو یوں مختصر نہ تھے

فیشن ہی کچھ طویل تھا یا باربر نہ تھے

آئے مری لحد پہ وہ غیروں کی کار میں

آنچل تمام خشک تھا رخسار تر نہ تھے

خانہ بدوش اگر رہا مجنوں تو کیا ہوا

یہ وہ زمانہ تھا کہیں صحرا میں گھر نہ تھے

اس وقت بھی پہنچتی تھی گھر گھر میں ہر خبر

جس وقت ریڈیو نہ تھا یہ تار گھر نہ تھے

سرخاب کے تھے پر لگے گل کی کلاہ میں

بلبل کا اس میں خون تھا بلبل کے پر نہ تھے

شراب ارغواں کو شیخ پہلے تو برا سمجھے (غزل)

شراب ارغواں کو شیخ پہلے تو برا سمجھے

مگر پھر رفتہ رفتہ صحت افزا شوربا سمجھے

نظر بازوں کو بھی دھوکہ ہوا فیشن کے چھل بل سے

وہ اکثر اچھی خاصی چھوکری کو چھوکرا سمجھے

علاج درد دل میرا کرے وہ چارہ گر کیسے

جو دل گردے کو سمجھے اور جگر کو پھیپھڑا سمجھے

ہزاروں سال سے پولیس کی تفتیش جاری ہے

حسینوں کی کمر کو وہ ہمیشہ لاپتہ سمجھے

ہوا کشمیر اور پنجاب میں اب تک نہ سمجھوتا

ادھر یہ کانگڑی مانگے ادھر وہ کانگڑا سمجھے

زبان یار من ترکی و من ترکی نمی دانم

مزہ کہنے کا جب ہے اک کہے اور دوسرا سمجھے

ترے عاشق ترے کوچے کو تیری سرد مہری سے

کبھی کشمیر سمجھے تو کبھی کولمبیا سمجھے

نہ باندھو گول چکر اپنے سر پر زلف پیچاں کا

کہیں ایسا نہ ہو بلبلؔ اسی کو گھونسلہ سمجھے

دور سے جلوہ دکھاؤ کہ مرا روزہ ہے (نظم)

دور سے جلوہ دکھاؤ کہ مرا روزہ ہے

تم مرے پاس نہ آؤ کہ مرا روزہ ہے

گھٹ سکے دن تو گھٹاؤ کہ مرا روزہ ہے

بڑھ سکے رات بڑھاؤ کہ مرا روزہ ہے

قرض اٹھاؤ کہ چراؤ مگر اے اہل حرم

بیسیوں کھانے پکاؤ کہ مرا روزہ ہے

میرے بچو کہیں باغیچے میں کھیلو جا کر

گل غپاڑہ نہ مچاؤ کہ مرا روزہ ہے

باندھ لو آنکھوں پہ پٹی مری بیگم یا تم

ایسے بن ٹھن کے نہ آؤ کہ مرا روزہ ہے

کوئی آواز بھی کانوں میں نہ آئے میرے

گھر میں جھاڑو نہ پھراؤ کہ مرا روزہ ہے

گھر کے دروازے پہ یہ لکھ دیا نوٹس میں نے

گھر کی گھنٹی نہ بجاؤ کہ مرا روزہ ہے

راستہ اپنا بدل دیں یہ ہوا میں اپنا

ان جہازوں کو بتاؤ کہ مرا روزہ ہے

ٹوٹ ہی جائے نہ روزہ مرا بس دھچکے میں

زور سے بس نہ چلاؤ کہ مرا روزہ ہے

کام ہو سکتا ہے دفتر کا کہیں روزوں میں

میز کرسی کو ہٹاؤ کہ مرا روزہ ہے

ساتھ چلتا ہوں میں پب میں مرے یارو لیکن

بعد افطار پلاؤ کہ مرا روزہ ہے

ہونٹ پپڑائے ہیں اترا ہوا چہرہ دیکھو

آج تم مان ہی جاؤ کہ مرا روزہ ہے

تم عبادت میں تجارت کی ملاوٹ کرکے

دودھ پانی میں ملاؤ کہ مرا روزہ ہے

تم نہ بے روزوں سے بلبلؔ کبھی ایسے الجھو

گالیاں یوں ہی نہ کھاؤ کہ مرا روزہ ہے

مزید غزلیں از بلبل کاشمیری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں