پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

برجیش عنبر کی غزلیں — Brijesh Ambar Ghazals

برجیش عنبر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آسماں ہے سمندر پہ چھایا ہوا (غزل)

آسماں ہے سمندر پہ چھایا ہوا

اس لیے رنگ پانی کا نیلا ہوا

وقت ندی کی مانند بہتا ہوا

ایک لمحہ مگر کیوں ہے ٹھہرا ہوا

تھا کوئی تو جو دہلیز پر دھر گیا

رات جلتی ہوئی دن دہکتا ہوا

گمشدہ شہر میں ڈھونڈھتا ہوں کسے

ایک اک شکل کو یاد کرتا ہوا

دھوپ جنگل میں پھر کھو گیا ہے کوئی

چاند تاروں کو آواز دیتا ہوا

دھوپ اور لو بھری تھیں فضائیں مگر

اس کی یادوں کا موسم تھا بھیگا ہوا

صورت حال عنبر عجب چیز ہے

اس نے دریا کہا میں کنارہ ہوا

سلگتی ریت میں اک چہرہ آب سا چمکا (غزل)

سلگتی ریت میں اک چہرہ آب سا چمکا

اداس آنکھوں میں جینے کا حوصلہ چمکا

اندھیری رات میں یہ کس کا نقش پا چمکا

مسافروں کی نگاہوں میں راستہ چمکا

شب فراق میں کوئی ستارہ ٹوٹا تو

ہماری سوچ میں انجانا وسوسہ چمکا

فضا میں پھیل گئے کتنے یاد کے جگنو

دیار شوق میں جب کوئی رت جگا چمکا

اداسیوں کے اندھیرے ڈرا رہے تھے مجھے

کہ حافظے میں اچانک ترا کہا چمکا

بکھر رہی ہے خیالوں میں خواب کی خوشبو

وجود بن کے کہاں کوئی خوش ادا چمکا

چھپائے چھپ نہ سکا میں تو بھیڑ میں عنبرؔ

نہ جانے کیسے مجھی پر وہ دائرہ چمکا

مزید غزلیں از برجیش عنبر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں