برجیس طلعت نظامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
صحرا نورد کتنے اسی غم میں مر گئے (غزل)
صحرا نورد کتنے اسی غم میں مر گئے
گر جائیں گے نظر سے اگر لوٹ کر گئے
وہ اتنے بے خبر ہیں کہ یہ بھی خبر نہیں
ہم امتحان عشق میں جاں سے گزر گئے
دیکھا ہے ہم نے یہ بھی تکلم کے ساتھ ساتھ
گیسو سنور گئے کبھی گیسو بکھر گئے
کیا کیا کرم ہیں گردش لیل و نہار کے
دیکھا جو ہم نے غور سے آئینہ ڈر گئے
ہے کارواں ہی باقی نہ اب گرد کارواں
مجھ سے بچھڑ کے سارے مرے ہم سفر گئے
خاموش ہوں نوشتۂ تقدیر جان کر
میں نے حسین خواب جو دیکھے بکھر گئے
زندگی ایک خواب ہوتی ہے (غزل)
زندگی ایک خواب ہوتی ہے
یہ حقیقت سراب ہوتی ہے
جب تصور میں آپ ہوتے ہیں
رقص میں کائنات ہوتی ہے
سامنے جب بھی وہ نہیں ہوتے
ہر گھڑی اک عذاب ہوتی ہے
یاد ان کی سیاہ راتوں میں
رشک صد ماہتاب ہوتی ہے
یہ بھی ہوتا ہے پرسش غم سے
اور حالت خراب ہوتی ہے
زندگی ایک شب تار بھی ہے (نظم)
زندگی ایک شب تار بھی ہے
زندگی مطلع انوار بھی ہے
زندگی پھول بھی ہے خار بھی ہے
زندگی نور بھی ہے نار بھی ہے
زندگی جذبۂ ایثار بھی ہے
زندگی تیر بھی تلوار بھی ہے
زندگی سنگ بھی ہے خار بھی ہے
زندگی آئنہ بردار بھی ہے
زندگی باعث آزار بھی ہے
زندگی نغمہ و گلزار بھی ہے
زندگی جلوہ گہہ یار بھی ہے
زندگی معرکۂ دار بھی ہے