بسم اللہ عدیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سر تن سے بیکسوں کے جدا کر دئے گئے (غزل)
سر تن سے بیکسوں کے جدا کر دئے گئے
تحفے میں اس صدی کو عطا کر دئے گئے
لے کر میں زندگی کے وسائل کو کیا کروں
اسباب ہر خوشی کے فنا کر دئے گئے
فصل بہار ختم ہوئی آئی جب خزاں
پنچھی جو قید میں تھے رہا کر دئے گئے
قائم جہاں میں اردو زباں کا وقار ہے
اسلاف ظلمتوں میں جلا کر دئے گئے
روشن جو اتحاد کے اسباق تھے عدیمؔ
تاریخ سے وہ لفظ جدا کر دئے گئے
دیپ الفت کے ہر اک دل میں جلاتے چلئے (غزل)
دیپ الفت کے ہر اک دل میں جلاتے چلئے
ہیں جو دنیا میں اندھیرے وہ مٹاتے چلئے
یہ تعصب یہ عداوت یہ زباں کے جھگڑے
ان شراروں کو تہ خاک دباتے چلئے
تذکرہ جس کا زباں پر ہو چمن والوں کی
پھول ایسا کوئی صحرا میں کھلاتے چلئے
میرے خاموش ارادوں کو سمجھئے پہلے
راز فطرت کو نہ افسانہ بناتے چلئے
بیش قیمت ہے لہو چاہے کسی کا ہو عدیمؔ
نسل انساں کو یہ احساس دلاتے چلئے
معصوم فرشتہ پیکر ہیں (نظم)
معصوم فرشتہ پیکر ہیں
ہم بچے بڑوں سے بہتر ہیں
آپس میں لڑائی کرتے ہیں
پھر صلح صفائی کرتے ہیں
دکھ پہنچے کسی سے ہم کو اگر
ملتے ہیں دوبارہ پھر ہنس کر
کچھ ہم کو نہیں ہے خوف و خطر
رکھتے ہیں بھروسہ اللہ پر
دل صاف ہمارے من سچے
ہم یکساں اندر باہر سے
معصوم فرشتوں کے جیسے
قوموں کی امانت ہم بچے
ہم مستقبل کے رہبر ہیں
ہوں جن میں خصائل بچوں کے
وہ رتبے پائیں ولیوں کے