پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بی ایم خان معالے کی غزلیں — Bm Khan Maley Ghazals

بی ایم خان معالے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سوچتا ہوں کہ کیا کیا اب تک (غزل)

سوچتا ہوں کہ کیا کیا اب تک

جیتے رہنے سے کیا ملا اب تک

ایک مدت سے جی رہا ہوں بس

کچھ بھی حاصل نہیں ہوا اب تک

آج کو چھوڑ فکر میں کل کی

کیسے کیا جانے جی لیا اب تک

سارے لوگوں کی باتیں سنتا رہا

خود کا کہنا نہیں سنا اب تک

ہوش اڑتے ہیں جب میاں بچے

پوچھتے ہیں کہ کیا کیا اب تک

اک زمانے سے ہے تلاش مگر

مل نہ پایا مجھے خدا اب تک

دکھ تو اس بات کا معالےؔ ہے

کچھ نہیں خاص کر سکا اب تک

محفل میں جانے کیسے سر عام آ گیا (غزل)

محفل میں جانے کیسے سر عام آ گیا

آخر زباں پہ اس کے مرا نام آ گیا

میں نے چھپا کے رکھا تھا جو دل میں راز عشق

خط میں قبول لکھ کے وہ پیغام آ گیا

کیسے کہوں فلک میں تجھے کتنا خوش ہوں آج

یہ دیکھ لے دعاؤں کا انعام آ گیا

ساقی سے آنکھوں آنکھوں میں خالی اشارتاً

کہنے کی دیر تھی کہ بھرا جام آ گیا

قاتل کا پردہ فاش کیا جبکہ میں نے خود

مجھ پر ہی حیف قتل کا الزام آ گیا

اب کچھ نہ ہوگا جاگ کے غفلت کی نیند سے

سورج غروب ہونے لب بام آ گیا

صیاد کے بغیر معالےؔ نہ رہ سکا

گھر لوٹ کر پرندہ سر شام آ گیا

مزید غزلیں از بی ایم خان معالے ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں