بسمل سنسہاروی گیاوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لب بام وہ مسکرانا کسی کا (غزل)
لب بام وہ مسکرانا کسی کا
مرے دل پہ بجلی گرانا کسی کا
تعجب ہے پہلو سے کیا ہو گیا دل
نہ آنا کسی کا نہ جانا کسی کا
سبھی منع کرتے تھے عشق بتاں سے
مگر ہم نے کہنا نہ مانا کسی کا
سنا شکوۂ ہجر پھر ہنس کے بولے
نہیں ہم ہیں سنتے فسانا کسی کا
وہ شوخی غضب کی لڑکپن کی باتیں
ہمیں یاد ہے وہ زمانہ کسی کا
وہ خاموش بیٹھے ہیں کیوں سر جھکائے
خیال آ گیا دل دکھانا کسی کا
وہ گھر غیر کے روز جاتے ہیں بسملؔ
موافق ہے ایسا زمانہ کسی کا
مریض ہجر مسیحا سے بھی سنبھل نہ سکا (غزل)
مریض ہجر مسیحا سے بھی سنبھل نہ سکا
کسی کا زور مقدر کے آگے چل نہ سکا
فروغ گور غریباں کی ہے صبا دشمن
چراغ قبر گھڑی دو گھڑی بھی جل نہ سکا
تھکا ہوا تھا بہت اس لیے لحد میں مجھے
وہ نیند آئی کہ کروٹ کوئی بدل نہ سکا
وہ کیا کسی کے مقدر کا بل نکالیں گے
کہ جن کے ہاتھوں سے گیسو کا بل نکل نہ سکا
غم فراق سے مر کر ہوئی سبک دوشی
یہ بوجھ وہ تھا جو تا زیست سر سے ٹل نہ سکا
ہزاروں کٹ گئے قاتل کی اس نزاکت پر
اٹھایا ہاتھ سے خنجر مگر سنبھل نہ سکا
نکلنے پایا نہ قاتل کا حوصلہ بسملؔ
وہ سخت جاں ہوں کہ خنجر گلے پہ چل نہ سکا