پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بمل کرشن اشک کی غزلیں — Bimal Krishn Ashk Ghazals

بمل کرشن اشک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پت جھڑ کا موسم تھا لیکن شاخ پہ تنہا پھول کھلا تھا (غزل)

پت جھڑ کا موسم تھا لیکن شاخ پہ تنہا پھول کھلا تھا

جس کو ہم پتھر سمجھے تھے چشمہ جیسا پھوٹ بہا تھا

اب تو آنکھیں پاپ بھری ہیں ایک سمے یارو ایسا تھا

اگلے گھر کی چھت کے پیچھے چاند بہت پیارا لگتا تھا

ننگ دھڑنگ اک ننھا منا پیچھے پیچھے دوڑ رہا تھا

آگے اڑنے والے وقت نے پل بھر کو مڑ کر دیکھا تھا

پھولوں والے ترکش کے اک تیر نے میری آنکھیں لے لیں

اور جس نے چلہ کھینچا تھا وہ بھی اک اندھا لڑکا تھا

گھر سے نکلو دھوپ میں بیٹھو دیکھو اس پیپل کا سایہ

جس کے نیچے تم ایسا اک بھولا بچہ کھیل رہا تھا

جو پاگل عورت پرسوں تک اک گڑیا نوچا کرتی تھی

کل اس کی جھلمل چنری میں ایک مٹیالا گڈا سا تھا

یوں تو ہری بھری راہوں میں روز نیا میلا لگتا ہے

جب میں گھر سے نکلا یا تو میں تھا یا مرا سایا تھا

میں سمجھا تھا میرے سر اور زخم کی نسبت پر معنی ہے

اور کوئی تھا جس کی خاطر بچوں نے پتھر پھینکا تھا

اشکؔ اک مدت تک گم سم سے پیڑ نے رم جھم برکھا جھیلی

آگ لگی تو چنگاری کے چاروں اور دھواں پھیلا تھا

مجھے معصومیت سے دیکھتا ہے (غزل)

مجھے معصومیت سے دیکھتا ہے

وہ دھوکا کھائے ہے یا دے رہا ہے

میں کتنا اجنبی ہوں اپنی خاطر

مجھے ہر آدمی پہچانتا ہے

عجب ہے تیری یک رنگی کہ پیارے

جہاں تک دیکھتا ہوں آئنہ ہے

ہماری بھوک سے بھوکی ہے دنیا

ہماری پیاس سے صحرا بنا ہے

نکل بھی لو کہ اس بستی میں اکثر

دریچوں سے سمندر جھانکتا ہے

وہ اپنے ہاتھ پر مہندی رچا کر

مقدر کی لکیریں ڈھونڈھتا ہے

ترے ہونٹوں کی نم گولائیوں میں

نہ جانے کس کے دکھ کا ذائقہ ہے

کہیں پاشیؔ کہیں علویؔ کہیں اشکؔ

بس اک دکھ ہے مگر کئی طرح کا ہے

نام جب لیتا ہوں ہونٹوں پر زباں کو پھیرتا ہوں کیوں کہ (نظم)

نام جب لیتا ہوں ہونٹوں پر زباں کو پھیرتا ہوں کیوں کہ

اس کے نام میں اس کی زباں اس کے لبوں کا ذائقہ ہے

جب بدن وہ نام لیتا ہے تو ایسے جھنجھناتا ہے کہ جیسے

اس کی زہری انگلیوں نے چھو لیا ہو

نام اس کا اس کے اپنے بازوؤں کے دائرے کی طرح

شوریدہ بدن کو گھیرتا ہے

نام اس کا پانیوں میں گھول کر پی لو زباں لکنت زدہ

ہو جائے ہے، آنکھیں الگ چڑھ جائیں ہیں، جی کچھ کہے

لب کچھ کہے ہے،

نام اس کا زانوئے ناکتخدائی پر لکھے سے چھاتیوں

میں دودھ چھلکانے لگے ہیں

نام اس کا سیاہیوں میں گھولنے سے شعر لافانی لکھے ہے

نام بنجر دھرتیوں میں تھوڑا تھوڑا سا چھڑک دینے سے

ہر پل بیل بوٹے کھینچ دے ہے

نام اس ہرجائی کا لینے سے ہر سانکل کھلے ہے

اس کو اس کے نام سے آواز دے دیجے تو چاروں سمت

جو کوئی سنے ہے اس کے لاکھوں نام دہرانے لگے ہے

اور کبھی اس نام کے سنتے ہی اندر سے کوئی پوچھے ہے

کس کا نام لو ہو

اور تب احساس ہووے ہے کہ اس کا ہو کہ اپنا ہو

وہی اک نام تو ہے

اور تب احساس ہووے ہے وہ ہم میں ہے کہ اس کا نام

ہم ہیں

اور تب احساس ہووے ہے کہ یوسف سے زلیخا شام سے

رادھا کے ہجے ہی جدا ہیں ورنہ چاروں

کا تماشہ ایک سا ہے

مزید غزلیں از بمل کرشن اشک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں