پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بلال صابر کی غزلیں — Bilal Sabir Ghazals

بلال صابر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مسئلے حل نہیں ہوئے میرے (غزل)

مسئلے حل نہیں ہوئے میرے

تم مکمل نہیں ہوئے میرے

جن پلوں کے لئے وہ میرا تھا

بس وہی پل نہیں ہوئے میرے

کیا کروں گا میں کل بھی دنیا میں

تم اگر کل نہیں ہوئے میرے

میرے عاقل تو غیر تھے لیکن

میرے پاگل نہیں ہوئے میرے

چند آنکھیں مری ہوئیں لیکن

ان کے کاجل نہیں ہوئے میرے

انگنت باغ میرے ہیں پھر بھی

پھول اور پھل نہیں ہوئے میرے

روز اول بھی وہ بدن چھو کر

ہاتھ کیوں شل نہیں ہوئے میرے

لفظ چندن کے جیسے بھی رکھ کر

شعر صندل نہیں ہوئے میرے

تو بتا تیرے یار تیرے ہیں

ٹھیک ہے چل نہیں ہوئے میرے

خود کو کس طرح تم سنبھالو گے (غزل)

خود کو کس طرح تم سنبھالو گے

جب تلک ان کے خواب پالو گے

جیسا تم نے کیا وہ کر دوں تو

سر پہ دنیا کو تم اٹھا لو گے

جان دل روح زندگی بولو

پیار سے دیکھنے کا کیا لو گے

تم نے بھی ڈوبنے دیا مجھ کو

مجھ کو لگتا تھا تم بچا لو گے

اپنے رستے کو جاننے کے بعد

ایک دن تم بھی راستہ لو گے

تم کو کوئی بھی کچھ نہ بولے گا

تم جسے چاہو آزما لو گے

تم سنبھالو تو ہوگا کچھ اپنا

کچھ بھی ہوگا تو تم سنبھالو گے

ہاتھ ہوں گے تمہارے بھی گندے

ہم پہ کیچڑ اگر اچھالو گے

بھیج کر ہم کو کورا کاغذ تم

اور مشکل میں کتنی ڈالو گے

مزید غزلیں از بلال صابر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں