پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بلال رؤف کی غزلیں — Bilal Rauf Ghazals

بلال رؤف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی سے بڑی سزا دینا (غزل)

زندگی سے بڑی سزا دینا

میرے مرنے پہ مسکرا دینا

تم کو پھر ہار بھی نہیں ہوگی

چال چلتے ہوئے بتا دینا

میں سبھی جنگ جیت جاؤں گا

تم فقط مجھ کو حوصلہ دینا

گر کہیں اتفاق سے وہ ملے

حال میرا اسے بتا دینا

کوئی فرصت نکال ملنے کی

میرے ہونے کا پھر پتہ دینا

ایک لمحے کو پاس بیٹھوں تو

ایک لمحے میں پھر اٹھا دینا

خواہش زیست بس یہی ہے رؤفؔ

زخم پھر سے کوئی ہرا دینا

کبھی تو ملے گا سکون جگر (غزل)

کبھی تو ملے گا سکون جگر

کہیں تو رکے گا یہ رخت سفر

یہ دنیا ہے اک عارضی جلوہ گاہ

نہ کر تو یہاں پر قیام سحر

لہو بیچ کر جو کمایا گیا

وہی رزق ہے بس مرا معتبر

عبث ہے یہ شکوہ عبث یہ گلہ

نصیبوں کا لکھا ہے پیش نظر

وہ سورج ہو تم جس کی تابندگی

اندھیروں میں لاتی ہے نور سحر

جو دریا کی موجوں سے لڑتے رہے

انہیں کو ملا ہے کنارہ مگر

نہ بحروں سے واقف نہ اوزان سے

مگر نام رکھا ہے اہل اثر

غم روزگار جہاں کچھ نہیں

ترا غم اگر ہے مرا ہم سفر

ترا حرف حق ہے زمانے کی جان

رؤفؔ اب ہے تیرا ہی سکہ ادھر

مزید غزلیں از بلال رؤف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں