پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بلال سہارن پوری کی غزلیں — Bilal Saharanpuri Ghazals

بلال سہارن پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس سیاست میں میاں آباد ہو جانے کے بعد (غزل)

اس سیاست میں میاں آباد ہو جانے کے بعد

مر گئے کردار زندہ باد ہو جانے کے بعد

ہم سے اچھا کون شاعر تھا یہاں لیکن جناب

فکر و فن جاتا رہا استاد ہو جانے کے بعد

وعدہ کرتے تھے وفا جب تک پریشاں حال تھے

جانے کیوں نظریں بدل لیں شاد ہو جانے کے بعد

ناگواری ہے تجھے ماں باپ کے انداز سے

سب سمجھ آ جائے گا اولاد ہو جانے کے بعد

عشق تم سے ہو گیا تو قبر اپنی کھود لی

اور ہم کرتے بھی کیا فرہاد ہو جانے کے بعد

کیا ہمارے خواب تھے دور غلامی میں بلالؔ

کس طرف ہم چل دیے آزاد ہو جانے کے بعد

کچھ نزاکت نہ ہو شوخی نہ ہو انداز نہ ہو (غزل)

کچھ نزاکت نہ ہو شوخی نہ ہو انداز نہ ہو

حسن وہ حسن کیا جس حسن میں کچھ ناز نہ ہو

ظلم کے ساتھ ہے یہ شرط بھی اس ظالم کی

آہ نکلے بھی اگر کوئی تو آواز نہ ہو

بات جو ہوتی ہے ہونٹوں کو بتا دیتا ہے

دل کے جیسا بھی کسی کا کوئی ہم راز نہ ہو

میرے صیاد نے یہ سوچ کے پر کاٹ دئے

اب قفس میں بھی کہیں حسرت پرواز نہ ہو

حسن تو عشق کی شدت سے نکھرتا ہے بلالؔ

تاج بیکار ہے جب تک کوئی ممتاز نہ ہو

مزید غزلیں از بلال سہارن پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں