بھاویہ سونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ جب سے رات بزدل ہو گئی ہے (غزل)
یہ جب سے رات بزدل ہو گئی ہے
دیے کی جنگ مشکل ہو گئی ہے
چراغوں کو ذرا سا حوصلہ دو
ہوا کچھ اور قاتل ہو گئی ہے
مجھے یوں چھوڑ کر جاتی کہاں پر
اداسی خوں میں شامل ہو گئی ہے
کہاں ممکن ہے اس کو ڈھونڈھنا اب
ندی صحرا میں داخل ہو گئی ہے
اسے لذت نہیں معلوم غم کی
اسے ہر چیز حاصل ہو گئی ہے
تمنا ناؤں بن کر بہہ رہی ہے
محبت ایک ساحل ہو گئی ہے
دکھائے ہیں تماشے زندگی نے
مگر جینے کے قابل ہو گئی ہے
زخم کوئی پھول جیسا کھل گیا تو کیا کہوں (غزل)
زخم کوئی پھول جیسا کھل گیا تو کیا کہوں
ہاتھ تتلی کا اگر پھر چھل گیا تو کیا کہوں
شخص کوئی یاد آتا ہے مجھے اک عمر سے
سوچتا ہوں گر کبھی وہ مل گیا تو کیا کہوں
دیر سے ٹھہرا ہوا تھا تاش کے مینار سا
ایک پتا پھر اچانک ہل گیا تو کیا کہوں
بات دل کی آج اس سے بولنے کا دل کیا
چپ رہا یہ سوچ کر خود دل گیا تو کیا کہوں
ہاں شکایت تھی مجھے پر کچھ نہیں میں نے کہا
ہونٹ کوئی جب نظر سے سل گیا تو کیا کہوں
پہیلیاں بجھائی ہیں کبھی (نظم)
پہیلیاں بجھائی ہیں کبھی
ٹیڑھی میڑھی
الجھی سلجھی
الٹی سیدھی
جو کہتی ہیں
وہ ہوتا نہیں
جو ہوتا ہے
وہ سنا نہیں
الجھے ہوئے دھاگے سے
دیر تک سرا نہیں ملتا
کبھی جھٹ سے سلجھ جاتے ہیں
کچھ کبھی نہیں سلجھتے
کبھی کوئی سرا کھینچو
تو اور الجھ جاتے ہیں
وقت لگتا ہے
بڑا صبر لگتا ہے
آؤ سلجھائیں
کوئی پہیلی
بہت پہیلیاں ہیں یہاں
سات عرب سے بھی زیادہ