بھاسکر شکلا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں کیسے مان لوں کہ عشق بس اک بار ہوتا ہے (غزل)
میں کیسے مان لوں کہ عشق بس اک بار ہوتا ہے
تجھے جتنی دفعہ دیکھوں مجھے ہر بار ہوتا ہے
فقط کٹنے کو یوں بھی کٹ رہی ہے زندگی لیکن
وہی ہے زندگی جس پل ترا دیدار ہوتا ہے
تجھے پانے کی حسرت اور ڈر نا کامیابی کا
انہیں دو تین باتوں سے یہ دل دو چار ہوتا ہے
اگر ہے عشق سچا تو نگاہوں سے بیاں ہوگا
زباں سے بولنا بھی کیا کوئی اظہار ہوتا ہے
کنارے بیٹھ کر کے کوئی بھی منزل نہیں پاتا
جو ٹکراتا ہے لہروں سے وہ دریا پار ہوتا ہے
اس نے بولا یار چھپا کر رکھنا تم (غزل)
اس نے بولا یار چھپا کر رکھنا تم
ہم دونوں کا پیار چھپا کر رکھنا تم
جو میری صورت سے ملتے جلتے ہوں
وہ سارے اشعار چھپا کر رکھنا تم
سیدھے ہاں مت کرنا میں مر جاؤں گا
تھوڑا یہ اقرار چھپا کر رکھنا تم
مشکل سے آتا ہے اور اڑ جاتا ہے
اس ہفتے اتوار چھپا کر رکھنا تم
بچہ ہے وہ اور بچے ضد کرتے ہیں
بچے سے بازار چھپا کر رکھنا تم
دو دن کو وہ ملنے آیا ہے تم سے
دو دن یہ آزار چھپا کر رکھنا تم
کل میری یہ غزل چھپے تو پڑھ لینا
اور پھر وہ اخبار چھپا کر رکھنا تم