پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بھارتیندو ہریش چندر کی غزلیں — Bhartendu Harishchandra Ghazals

بھارتیندو ہریش چندر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گلے مجھ کو لگا لو اے مرے دل دار ہولی میں (غزل)

گلے مجھ کو لگا لو اے مرے دل دار ہولی میں

بجھے دل کی لگی بھی تو اے میرے یار ہولی میں

نہیں یہ ہے گلال سرخ اڑتا ہر جگہ پیارے

یہ عاشق کی ہے امڑی آہ آتش بار ہولی میں

گلابی گال پر کچھ رنگ مجھ کو بھی جمانے دو

منانے دو مجھے بھی جان من تیوہار ہولی میں

رساؔ گر جام مے غیروں کو دیتے ہو تو مجھ کو بھی

نشیلی آنکھ دکھلا کر کرو سرشار ہولی میں

آ گئی سر پر قضا لو سارا ساماں رہ گیا (غزل)

آ گئی سر پر قضا لو سارا ساماں رہ گیا

اے فلک کیا کیا ہمارے دل میں ارماں رہ گیا

باغباں ہے چار دن کی باغ عالم میں بہار

پھول سب مرجھا گئے خالی بیاباں رہ گیا

اتنا احساں اور کر للہ اے دست جنوں

باقی گردن میں فقط تار گریباں رہ گیا

یاد آئی جب تمہارے روپ روشن کی چمک

میں سراسر صورت آئینہ حیراں رہ گیا

لے چلے دو پھول بھی اس باغ عالم سے نہ ہم

وقت رحلت حیف ہے خالی ہی داماں رہ گیا

مر گئے ہم پر نہ آئے تم خبر کو اے صنم

حوصلہ اب دل کا دل ہی میں مری جاں رہ گیا

ناتوانی نے دکھایا زور اپنا اے رساؔ

صورت نقش قدم میں بس نمایاں رہ گیا

مزید غزلیں از بھارتیندو ہریش چندر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں