پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بھرتدیپ ماتھر دیپ کی غزلیں — Bharatdeep Mathur Deep Ghazals

بھرتدیپ ماتھر دیپ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہمارے دل میں کسی گل بدن کے پیار کے پھول (غزل)

ہمارے دل میں کسی گل بدن کے پیار کے پھول

کہ دسترس میں نہیں ہیں یہ دیودار کے پھول

ترس رہے ہیں کسی لمس معتبر کے لیے

مرے خیال کی شاخوں پے انتظار کے پھول

کسی سے کوئی توقع کا سلسلہ ہی نہیں

بڑے کمال کے ہوتے ہیں خار زار کے پھول

کوئی بھی تجھ پے مری جاں یقین کیوں نہ کرے

ترے کلام سے جھڑتے ہیں اعتبار کے پھول

انہیں بہار کے آنے کا انتظار کہاں

پگھلتی برف میں کھلتے ہیں کہسار کے پھول

انہیں قبول نہیں آفتاب کی دعوت

جلے گا دیپ تو پھولیں گے ہر سنگار کے پھول

کیفیت اک نئی تشکیل ہوئی جاتی ہے (غزل)

کیفیت اک نئی تشکیل ہوئی جاتی ہے

وہ جو بنجر تھا وہاں جھیل ہوئی جاتی ہے

بارہا آپ سے ملنا کہ خدا خیر کرے

انسیت عشق میں تحلیل ہوئی جاتی ہے

کوئی چپکے سے سجا آیا ہے الفت کے گلاب

خوشبو خوشبو مری زنبیل ہوئی جاتی ہے

جس پے خوش رنگ سی تصویر سجا دی گئی ہو

زیست دیوار کی وہ کیل ہوئی جاتی ہے

پہلی بارش کی پھواروں کا اثر ہے شاید

یاس اب آس میں تبدیل ہوئی جاتی ہے

دل ہمارا بھی ہوا جاتا ہے جلتا ہوا دیپؔ

آپ کی ذات جو قندیل ہوئی جاتی ہے

مزید غزلیں از بھرتدیپ ماتھر دیپ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں