بھگوان کھلنانی ساقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرا بھی کچھ نہیں ہے تو تیرا بھی کچھ نہیں (غزل)
میرا بھی کچھ نہیں ہے تو تیرا بھی کچھ نہیں
سب کچھ تو ہے خدا کا کسی کا بھی کچھ نہیں
کیسے ہوا نشہ اسے کیسے ہوا مجھے
اک دوسرے کو ہم نے پلایا بھی کچھ نہیں
اس طرح ہم نے کھیلا غم زندگی کا کھیل
جیتا بھی کچھ نہیں ہے تو ہارا بھی کچھ نہیں
ساقی سے پوچھا اس نے کہ آئے ہو کس لئے
بولا بھی کچھ نہیں تو چھپایا بھی کچھ نہیں
لوگ ہر بات کو افسانہ بنا دیتے ہیں (غزل)
لوگ ہر بات کو افسانہ بنا دیتے ہیں
ہوش مندوں کو بھی دیوانہ بنا دیتے ہیں
ذکر کرتے ہیں ترے حسن کا جس دم ہم لوگ
چاندنی رات کو افسانہ بنا دیتے ہیں
تیری مخمور نگاہوں سے ذرا سی پی کر
ہم تو ہر چیز کو مے خانہ بنا دیتے ہیں
کچھ تو پہلے ہی کیا عشق نے پاگل دل کو
اور کچھ لوگ بھی دیوانہ بنا دیتے ہیں
حسن کی شمع کو وہ کرتے ہیں ایسے روشن
عشق کو آتے ہی پروانہ بنا دیتے ہیں
ہم وہ مے خوار ہیں جو دیکھ کے تجھ کو ساقیؔ
میکدے کو بھی صنم خانہ بنا دیتے ہیں