پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بیزار دہلوی کی غزلیں — Bezar Dehlavi Ghazals

بیزار دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس طرح سے کچھ مٹائے درد دل (غزل)

اس طرح سے کچھ مٹائے درد دل

موت کی صورت دکھائے درد دل

اب نشان دل بھی مل سکتا نہیں

دیکھنی ہے انتہائے درد دل

دل کی حالت غیر ہوتی ہے تو ہو

ہم نہ مانگیں گے دوائے درد دل

پوچھتے کیا ہو مرے دل میں ہے کیا

کچھ نہیں اس میں سوائے درد دل

درد دل کا خاک وہ جانے مزہ

جو نہیں ہے مبتلائے درد دل

خود مسیحا بھی ہے اس سے بے خبر

بندھ گئی کیسی ہوائے درد دل

ہو گئے بیزارؔ ہم تصویر مرگ

تھا یہی تو مدعائے درد دل

مزید غزلیں از بیزار دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں