پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

باسط اوجینی کی غزلیں — Basit Ujjaini Ghazals

باسط اوجینی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

روداد غم کی جب سے شہرت سی ہو گئی ہے (غزل)

روداد غم کی جب سے شہرت سی ہو گئی ہے

رنگینئ جہاں سے وحشت سی ہو گئی ہے

تیور بتا رہے ہیں انداز بے رخی کے

ان کو جفا سے شاید رغبت سی ہو گئی ہے

ناحق اٹھا رہے ہو طوفاں تجلیوں کے

ذوق نظر کو میرے غفلت سی ہو گئی ہے

محسوس کر رہا ہوں تار نفس میں تیزی

کچھ اضطراب غم میں شدت سی ہو گئی ہے

مطلب نہیں کرم سے بے مہریوں کا غم کیا

صبر و رضا سے اب تو الفت سی ہو گئی ہے

تاروں کی انجمن میں محو خیال ہو کر

راتوں کو جاگنے کی عادت سی ہو گئی ہے

دل بجھ چکا ہے باسطؔ باقی نہیں تمنا

اب زندگی سے مجھ کو نفرت سی ہو گئی ہے

احساس غم عشق کا حاصل نہیں ہوتا (غزل)

احساس غم عشق کا حاصل نہیں ہوتا

وہ درد کے جو روح میں شامل نہیں ہوتا

اے ذوق نظر بھول بھی جا ذوق نظر کو

افسانہ کبھی زیست کا حاصل نہیں ہوتا

اے دوست وفا ساز محبت کی نظر میں

بگڑی کو بنا لینا تو مشکل نہیں ہوتا

منزل تو بڑی چیز ہے راہیں نہیں ملتیں

جب شوق طلب رہبر منزل نہیں ہوتا

اکثر مری آنکھوں نے بھی اظہار کیا ہے

لیکن انہیں احساس غم دل نہیں ہوتا

طوفان کی آغوش میں گھر ڈھونڈنے والا

ممنون تنک ظرفیٔ ساحل نہیں ہوتا

باسطؔ وہ دیا کرتے ہیں تسکین تو لیکن

اک لفظ بھی تسکین کے قابل نہیں ہوتا

مزید غزلیں از باسط اوجینی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں