پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

باسط پتافی کی غزلیں — Basit Pitafi Ghazals

باسط پتافی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ کلائی رہی نہ کنگن ہے (غزل)

نہ کلائی رہی نہ کنگن ہے

پھر بھی بازو اسی کا روشن ہے

کتنا بے بس ہے آنکھ کا پانی

کتنی محدود دل کی دھڑکن ہے

کوئی الہام ہو نہ ہو لیکن

خواب کا سلسلہ یقینا ہے

اس کے لہجے میں چاشنی ہے بہت

اس کی باتوں میں اک نیا پن ہے

میرے پہلو میں رو رہی ہے مگر

میرے دل میں عجیب الجھن ہے

اس کی آنکھوں میں قید ہیں منظر

میرے سینے میں ایک روزن ہے

شہر آباد ہو گیا باسطؔ

گاؤں مایوسیوں بھرا بن ہے

تکمیل مناظر میں ابھی کوئی کمی ہے (غزل)

تکمیل مناظر میں ابھی کوئی کمی ہے

اس آنکھ کے پانی میں نمک ہے کہ نمی ہے

اک شام کے چہرے پہ سفیدی کا ہے سایہ

اک صبح کے ہونٹوں پہ شفق خوب جمی ہے

میں اب بھی کسی راہ کی مٹی کا بھرم ہوں

وہ اب بھی کسی رنج کے لمحے میں تھمی ہے

میں جس کے لیے صاحب انکار بنا ہوں

اس شخص کی پلکوں میں قیامت کی خمی ہے

اس زیست کے ناٹک کا یہ مقسوم ہے باسطؔ

اس پار خوشی ہے تو پھر اس پار غمی ہے

کوئی دیوی (نظم)

کوئی دیوی

کسی آنگن میں بسے یا نہ بسے مجھ کو کیا

میں ہوں ایتھنز کی ویران گلی کی باسی

میں نہ میلے میں گئی ہوں

نہ میں جاؤں گی کبھی

میں اگر نور جبیں دیکھ نہ پائی

تو کیا

میں ابھی جنگ کے آداب سے واقف ہی نہیں

مجھ کو دانش کی خبر ہے نہ ہنر ہے کوئی

وہ سراپا ہنر و دانش ہے

جنگجو ہے

اس کے نو بھائی ہیں اور نو بہنیں

میرے ماں باپ بھی معلوم نہیں

اس کی عصمت کے محافظ

دیوتا ہیں

اور مرا جسم تو نیلام گہہ دنیا ہے

میں تو ایتھنز کی ویران گلی کی باسی

بارثینون نہیں جا سکتی

کوئی معبد

کوئی میلہ

کوئی زیتون کا سایہ

نہیں ہے میرے لیے

مزید غزلیں از باسط پتافی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں