باسط جلیلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہے زباں بندی کا موسم بستیاں خاموش ہیں (غزل)
ہے زباں بندی کا موسم بستیاں خاموش ہیں
سارے در خاموش ہیں رہداریاں خاموش ہیں
خوف و غم کی اس فضا میں جی رہے ہیں اس طرح
تم وہاں خاموش ہو اور ہم یہاں خاموش ہیں
یہ خموشی پیش خیمہ ہے کسی طوفان کا
زخم نوحہ گر ہیں میرے سسکیاں خاموش ہیں
ہم اٹھا لیں گے تمہیں بھی حد سے جو آگے بڑھیں
یہ سنا تو مائیں بہنیں بیٹیاں خاموش ہیں
فیصلہ وہ ہی کرے گا یہ ہوا ہے فیصلہ
جس کے ڈر سے شہر کی سب ہستیاں خاموش ہیں
جینے کی آرزو میں وہ شدت نہیں رہی (غزل)
جینے کی آرزو میں وہ شدت نہیں رہی
کیسے کہوں کہ اب وہ محبت نہیں رہی
میں بھی کسی کا ہو چکا تو بھی کسی کا ہے
اک دوسرے کی اب ہمیں حاجت نہیں رہی
ہیں اپنے ہی جہان میں کچھ اس طرح سے گم
کچھ ساعتوں کی بھی ہمیں فرصت نہیں رہی
تیرے ہی دم سے رونق بزم حیات تھی
جو تو نہیں رہا مری جنت نہیں رہی
وہ بھی تو دن تھے آنکھ سے ہٹتا نہیں تھا وہ
اب یہ بھی دن ہیں ملنے کی چاہت نہیں رہی
اپنی مدد کا آپ ہی قائل ہوا ہوں میں
باسطؔ مجھے کسی کی ضرورت نہیں رہی
سہانی شام تھی دریا کا اک کنارا تھا (نظم)
سہانی شام تھی دریا کا اک کنارا تھا
کہ اس کے پیار کی خوشبو میں دن گزارا تھا
سمٹ گئیں تھیں کبھی دوریاں کہ ہم تم تھے
نہ کوئی غم نہ تھیں مجبوریاں کہ ہم تم تھے
وہ میری سانسوں سے نزدیک جاں سے پیارا تھا
وہ ڈوبتا ہوا سورج تھا گہرے پانی میں
حسین موڑ سا آیا تھا اک کہانی میں
کسی نے چاند مرے ساتھ لا اتارا تھا
دمک رہے تھے وہ عارض حیا کے رنگوں سے
کہ دل بہار ہوئے تھے نئی امنگوں سے
وہی قرار تھا میرا وہی سہارا تھا
وفا کے گیتوں سے مسرور تھی فضا ساری
کہ بن پئے وہاں مخمور تھی فضا ساری
سو میرے چاروں طرف خواب سا نظارا تھا
دھڑکتے دل کی صدائیں سنائی دیتی ہوئیں
وہ یادیں گزرے دنوں کی دہائی دیتی ہوئیں
جو پہلی بار مجھے پیار سے پکارا تھا