پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

باسط بھوپالی کی غزلیں — Basit Bhopali Ghazals

باسط بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت کی انتہا چاہتا ہوں (غزل)

محبت کی انتہا چاہتا ہوں

انہیں حاصل ابتدا چاہتا ہوں

اسے برملا دیکھنا چاہتا ہوں

ادب اے محبت یہ کیا چاہتا ہوں

غم عشق کا سلسلا چاہتا ہوں

میں تجھ تک ترا واسطا چاہتا ہوں

کرم ہائے نا مستقل کا گلہ کیا

ستم ہائے بے انتہا چاہتا ہوں

وہ گھبرا کے جس پر نظر ڈال ہی دیں

میں وہ قلب شورش ادا چاہتا ہوں

کرم کیجیئے تو کرم کا ہوں طالب

سزا دیجئے تو سزا چاہتا ہوں

تری یاد اچھی طرح ذکر پیارا

مگر میں تجھے دیکھنا چاہتا ہوں

ترے عشق ہی سے بنی میری ہستی

ترے عشق ہی میں مٹا چاہتا ہوں

جو تازہ کرے قصۂ طور باسطؔ

میں ایسا ہی اک واقعہ چاہتا ہوں

کوئی معیار محبت نہ رہا میرے بعد (غزل)

کوئی معیار محبت نہ رہا میرے بعد

ہر طرف عام ہیں خاصان وفا میرے بعد

سلسلہ ان کے ستم کا نہ رہا میرے بعد

بدلا بدلا سا ہے دستور جفا میرے بعد

کون پہنے گا گلے میں تری الفت کی کمند

کس کے سر ہوگی تری زلف دوتا میرے بعد

ہوں گی قربان ترے رخ پہ نگاہیں کس کی

چاند ہو جائے گا ہالے سے جدا میرے بعد

سوچتا ہوں کہ بہ ایں عالم بیتابیٔ دل

کون مانگے گا محبت کی دعا میرے بعد

داد چاہیں گے مری طرح مٹا کر کس کو

عشوہ و غمزۂ انداز و ادا میرے بعد

ٹھوکریں کھاتی پھرے گی شب یلدائے فراق

خون روئے گی ہر اک تازہ بلا میرے بعد

سونی سونی سی ہے ہر محفل ایذا طلبی

جیسے دنیا میں کوئی غم نہ رہا میرے بعد

خیرہ ہو جاتی تھی جس سے نگہ صبر و قرار

ان کے لب پر وہ تبسم نہ رہا میرے بعد

کیا خبر تھی کہ میں خود ساتھ نہ دوں گا اپنا

گوشت ہو جائے گا ناخن سے جدا میرے بعد

فطرت حسن کو ہے ایسے ستم کش کی تلاش

جو وفا پر بھی کرے عذر خطا میرے بعد

زرد کر دے گا اسے میری تباہی کا خیال

رنگ لایا بھی اگر رنگ حنا میرے بعد

ان کا دیوانہ تو کہلانا ہے مشکل باسطؔ

کوئی دیوانہ اگر بن بھی گیا میرے بعد

مزید غزلیں از باسط بھوپالی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں