پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

باسط عظیم کی غزلیں — Basit Azeem Ghazals

باسط عظیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم اہل قلم اہل وفا اہل نظر ہیں (غزل)

ہم اہل قلم اہل وفا اہل نظر ہیں

ہم شہر میں رہتے ہوئے بھی شہر بدر ہیں

دہرائے گی جن ناموں کو تاریخ تمہاری

اس شہر میں ان لوگوں کے ٹوٹے ہوئے گھر ہیں

رائج ہوا یہ کون سا قانون کہ پھر اب

سناٹا ہے بازاروں میں سنسان نگر ہیں

ایسا بھی نہیں وقت کے تیور کو نہ سمجھوں

اس دور کے حالات مرے پیش نظر ہیں

آئے تو کوئی دست ستم اہل جنوں تک

ہم لوگ بھی اب اپنی جگہ سینہ سپر ہیں

دم توڑنے والی ہے مرے شہر کی ظلمت

جو ظلم کے ایوان تھے وہ زیر و زبر ہیں

ایسے بھی جنوں پیشہ ہیں کچھ لوگ جہاں میں

مدت سے جو منزل کے لئے گرم سفر ہیں

کیا دور ہے جو دیدۂ بینا نہیں رکھتے

وہ لوگ بھی شائستۂ آداب نظر ہیں

توقیر و ستائش ہے یہاں بے ہنروں کی

محروم ستائش ہیں تو بس اہل ہنر ہیں

تیری قربت میں رہوں تیرا حوالہ بن جاؤں (غزل)

تیری قربت میں رہوں تیرا حوالہ بن جاؤں

تو بنے چاند تو میں چاند کا ہالا بن جاؤں

تو اگر قرب سے اپنے مجھے روشن کر دے

میں بھی اک روشنیٔ عالم بالا بن جاؤں

تو مرے دل میں رہے حسن تمنا بن کر

تو صنم ہو مرا میں تیرا شوالہ بن جاؤں

وصل ایسا ہو کہ پھر وصل کی خواہش نہ رہے

میں سراپا شب ہجراں کا ازالہ بن جاؤں

تجھ کو ان آنکھوں سے دیکھوں تو نہ دیکھا جائے

دے نظر ایسی کہ میں دیکھنے والا بن جاؤں

میری راتوں کو بھی تو درد کی لذت سے نواز

اک کسک ایسی کہ میں جاگنے والا بن جاؤں

لیے پھرتا ہوں میں دل میں یہی ارمان عظیمؔ

میں کسی دل کے اندھیرے کا اجالا بن جاؤں

میں چھاؤں میں جن کی (نظم)

میں چھاؤں میں جن کی

ذرا دیر بیٹھوں

تھکن بھول جاؤں

یہاں وہ شجر ہی کہاں ہیں

مزید غزلیں از باسط عظیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں