پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

باسط علی راجہ کی غزلیں — Basit Ali Raja Ghazals

باسط علی راجہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندہ ہو کر بھی کئی روز سے زندہ نہیں ہوں (غزل)

زندہ ہو کر بھی کئی روز سے زندہ نہیں ہوں

اور اس پر میں کئی روز سے رویا نہیں ہوں

ایک ہی شخص گوارا ہے زمیں پر مجھ کو

وہ بھی آواز لگائے تو پلٹتا نہیں ہوں

کچھ پرندے تو چہکتے ہیں مجھے وقت سحر

کچھ پرندوں کو خبر ہے کہ میں سویا نہیں ہوں

ناز کرتا ہے وہ خوش چشم مرے ہونے پر

مجھ پہ کیا ناز کہ اے دوست میں خود کا نہیں ہوں

وہ توجہ جو میسر ہی نہیں ہے مجھ کو

ہو میسر تو سر بزم بکھرتا نہیں ہوں

اے زندگی ابھی تو خطائیں کروں گا میں (غزل)

اے زندگی ابھی تو خطائیں کروں گا میں

اپنے لہو سے تر یہ فضائیں کروں گا میں

اپنے لیے اذیت و آلام بھی قبول

تیرے لیے سکوں کی دعائیں کروں گا میں

میں پھول بانٹتا ہوں اسی شہر میں مگر

کچھ کام ہو تو مجھ کو بتائیں کروں گا میں

خوابوں کی رمز جان کے کچھ خواب توڑ کر

خود سے اب اور کتنی جفائیں کروں گا میں

میں کامیاب لوٹوں گا اس بھیڑ بھاڑ سے

کار جفا کے بدلے وفائیں کروں گا میں

عجیب کیفیت سے دوچار ہوں (نظم)

عجیب کیفیت سے دوچار ہوں

اس سمے میری آخری خواہش پوچھی جاتی تو میں ایسا شخص مانگتا جو میری تھکن بانٹ لے

تمہارے ہجر میں جنگل گھومنا چاہتا ہوں

ہجر ایک خزاں ہے یا کچھ اور ہے

ہوائے ہجر نے تمام پیڑ جلا دئے ہیں ہر سو ویرانی ہے

میرا خود پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے

دالان سے اندر کی جانب گرتے پڑتے وسط میں آ کر ایک بھیڑیے کا روپ دھار کر نوچنے لگتے ہیں

میرے مصرعوں کے اکثر و بیشتر رکن تمہاری عدم موجودگی پر احتجاجاً گر رہے ہیں

نیلم کا نیلگوں پانی کہیں رہ گیا ہے

جہلم اپنے اندر خزائیں گھول رہا ہے

میں شاید ایک عمر رسیدہ شخص ہوں

ایک سنسان جزیرے میں کسی معجزے کا منتظر کھڑا ہوں

اس سے پہلے کہ تمہارے پلٹنے کے خوف میں مبتلا ہو جاؤں

تمہیں چاہیے کہ میرے لیے لامتناہی ہجر کی دعا مانگو

مزید غزلیں از باسط علی راجہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں