پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

باصر ٹونکی کی غزلیں — Basir Tonki Ghazals

باصر ٹونکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غم ان کا چھپانے کو جی چاہتا ہے (غزل)

غم ان کا چھپانے کو جی چاہتا ہے

یہ زحمت اٹھانے کو جی چاہتا ہے

یہ ضبط محبت کہاں تک کروں میں

سبھی کچھ جتانے کو جی چاہتا ہے

جفا کرنے والوں کو کیا آزمانا

مگر آزمانے کو جی چاہتا ہے

تخیل میں میرے وہ آتے ہیں لیکن

یہ دوری مٹانے کو جی چاہتا ہے

مجھے ان سے ہے جو محبت اے باصرؔ

انہیں دیکھ پانے کو جی چاہتا ہے

غضب ہے دور دورہ اب زمانے میں جہالت کا (غزل)

غضب ہے دور دورہ اب زمانے میں جہالت کا

سبق سیکھا نہیں جاتا بزرگوں کی نصیحت کا

نسب انسان کا کیا ہے اگر عادت نہ ہو اچھی

شریف انساں وہی ہے جس میں جوہر ہو شرافت کا

غرض کیا ہے مری تقدیر کو پوچھے جو یہ مجھ سے

طلب گار آبرو کا ہے یہاں تو یا ذلالت کا

اک ارماں کم ہوا جب ایک دشمن کم ہوا میرا

سبق تو نے دیا اے بے امیدی مجھ کو راحت کا

سخی دنیا میں اب ایسا نہیں جیسا کہ حاتم تھا

یوں چرچا ہوتا آیا ہے بہت اس کی سخاوت کا

ہوئے آلات جنگ کے اس قدر ایجاد دنیا میں

زمانے میں نہیں ہے دور دورہ اب شجاعت کا

ادب کی محفلیں آباد ہیں دم سے ہمارے ہی

ہمارا باغ ہے اردو ادب باصرؔ فصاحت کا

مزید غزلیں از باصر ٹونکی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں