باصر سلطان کاظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہوتے ہیں جو سب کے وہ کسی کے نہیں ہوتے (غزل)
ہوتے ہیں جو سب کے وہ کسی کے نہیں ہوتے
اوروں کے تو کیا ہوں گے وہ اپنے نہیں ہوتے
مل ان سے کبھی جاگتے ہیں جن کے مقدر
تیری طرح ہر وقت وہ سوئے نہیں ہوتے
دن میں جو پھرا کرتے ہیں ہشیار و خبردار
وہ میری طرح رات کو جاگے نہیں ہوتے
ہم ان کی طرف سے کبھی ہوتے نہیں غافل
رشتے وہی پکے ہیں جو پکے نہیں ہوتے
اغیار نے مدت سے جو روکے ہوئے تھے کام
اب ہم بھی یہ دیکھیں گے وہ کیسے نہیں ہوتے
ناکامی کی صورت میں ملے طعنۂ نایافت
اب کام مرے اتنے بھی کچے نہیں ہوتے
شب اہل ہوس ایسے پریشان تھے باصرؔ
جیسے مہ و انجم کبھی دیکھے نہیں ہوتے
یہ نہیں ہے کہ تجھے میں نے پکارا کم ہے (غزل)
یہ نہیں ہے کہ تجھے میں نے پکارا کم ہے
میرے نالوں کو ہواؤں کا سہارا کم ہے
اس قدر ہجر میں کی نجم شماری ہم نے
جان لیتے ہیں کہاں کوئی ستارا کم ہے
دوستی میں تو کوئی شک نہیں اس کی پر وہ
دوست دشمن کا زیادہ ہے ہمارا کم ہے
صاف اظہار ہو اور وہ بھی کم از کم دو بار
ہم وہ عاقل ہیں جنہیں ایک اشارا کم ہے
ایک رخسار پہ دیکھا ہے وہ تل ہم نے بھی
ہو سمرقند مقابل کہ بخارا کم ہے
اتنی جلدی نہ بنا رائے مرے بارے میں
ہم نے ہم راہ ابھی وقت گزارا کم ہے
باغ اک ہم کو ملا تھا مگر اس کو افسوس
ہم نے جی بھر کے بگاڑا ہے سنوارا کم ہے
آج تک اپنی سمجھ میں نہیں آیا باصرؔ
کون سا کام ہے وہ جس میں خسارا کم ہے
مری اچھی وجیہہ (نظم)
مری اچھی وجیہہ
میں تجھ سے خوش ہوں اتنا
کہ اکثر سوچتا ہوں
اگر تجھ کو زمیں پر بھیجنے سے پہلے
خالق مجھ سے کہتا
کہ چن لے ان ہزاروں لاکھوں بچوں میں سے
اک اپنے لیے
تو میں تجھے ہی منتخب کرتا
میں خوش قسمت ہوں کتنا
دعا گو ہوں
سدا جیتی رہے
اور ایسی ہی اچھی رہے تو