بشیر سیفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک حسن بے مثال کے جو روبرو ہوں میں (غزل)
اک حسن بے مثال کے جو روبرو ہوں میں
محسوس ہو رہا ہے خود اپنا عدو ہوں میں
اپنی گرفت شوق سے نکلوں تو کس طرح
پھیلا ہوا جہاں میں ہر ایک سو ہوں میں
مجھ پہ تری حیات کا دار و مدار ہے
جذبوں سے جھانکتا ہوا زندہ لہو ہوں میں
گونجوں گا تیرے ذہن کے گنبد میں رات دن
جس کو نہ تو بھلا سکے وہ گفتگو ہوں میں
ہر صبح ایک معرکۂ کربلا سہی
ہر شام اپنے دوستوں میں سرخ رو ہوں میں
پوچھوں میں کس سے عالم امکاں میں کس لئے
اپنے ہی نقش پا کی طرح کو بہ کو ہوں میں
سیفیؔ میں اپنے آپ میں نیلام ہو گیا
کس کو خبر تھی شہر میں اک خوبرو ہوں میں
ایسا لگتا ہے مخالف ہے خدائی میری (غزل)
ایسا لگتا ہے مخالف ہے خدائی میری
کوئی کرتا ہی نہیں کھل کے برائی میری
مجھ میں مدفون بڑے شہر معانی تھے مگر
دور تک کر نہ سکا وقت خدائی میری
بے صدا شہر تھا خاموش تھے گلیوں کے مکیں
ایک مدت مجھے آواز نہ آئی میری
خیر خواہی کا رہا یوں تو سبھی کو دعویٰ
چاہتا بھی تو کوئی دل سے بھلائی میری
شب کی دہلیز پہ قزاق ضرورت تو نہیں
چھین لیتا ہے جو دن بھر کی کمائی میری
کچھ مرے علم نے بھی مجھ کو فضیلت بخشی
فن سے نسبت نے بھی توقیر بڑھائی میری
مجھ کو مجھ تک ہی نہ محدود سمجھنا سیفیؔ
لا مکاں سے بھی پرے تک ہے رسائی میری