پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بشیر زیدی اسیر کی غزلیں — Bashir Zaidi Aseer Ghazals

بشیر زیدی اسیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں کھل گیا ہے راز شکست طلب کبھی (غزل)

یوں کھل گیا ہے راز شکست طلب کبھی

آنکھوں سے بہہ گیا ہے لہو بے سبب کبھی

ویرانیوں نے تھام لیا دامن حیات

ہم لوگ بھی تھے خندۂ بزم طرب کبھی

جو لوگ آج زینت خواب و خیال ہیں

رہتے تھے ساتھ ساتھ مرے روز و شب کبھی

آوارہ آج صورت برگ خزاں ملے

ملتی تھی جن سے باد صبا با ادب کبھی

ایک ایک سمت جن کو بگولے اڑا گئے

یکجا نہ ہو سکیں گے وہ اوراق اب کبھی

ترک تعلقات ہے پھر بھی ٹھٹک گئے

گزرے ہیں میرے پاس سے ہو کر وہ جب کبھی

مہلت کچھ اور کشمکش انتظار دے

آ جائے کچھ خیال اسے کیا عجب کبھی

کیسی تاریک فضا کیسا بھیانک منظر (نظم)

کیسی تاریک فضا کیسا بھیانک منظر

ہر طرف چھایا ہوا شہر خموشاں کا سکوت

اور تا حد نظر رات کے سانپوں کے ابھرتے ہوئے سر

ہر طرف رقص میں گزرے ہوئے لمحات کی نازک پریاں

اژدہا وقت کا منہ کھولے ہوئے

حال کے زہر سے ماضی کے پری خانے کو آغوش فنا میں دیتے

ہر طرف چشم شرر بار سے تخیل کی تجسیم کو جھلساتا ہوا

اپنی پھنکار سے برسوں کے درختوں کو نگوں کرتا ہوا

ہر طرف ایک فسوں کرتا ہوا

جانے کس سمت سے آیا ہے کدھر جائے گا

اور گم گشتہ منزل کی

ایک انجان بھٹکتی ہوئی روح

اس اندھیرے میں خموشی میں سراسیمہ خرام

مضطرب دست بہ دل خاک بسر

جانے کس سمت چلی جاتی ہے

کون ہے

کون بھٹکتی ہوئی روح

کس طرف گرم سفر نالہ کناں شعلہ بجاں

کس طرف کس کے تعاقب میں چلی جاتی ہے

مزید غزلیں از بشیر زیدی اسیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں