بشیر مہتاب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چلے جانا مگر سن لو مرے دل میں یہ حسرت ہے (غزل)
چلے جانا مگر سن لو مرے دل میں یہ حسرت ہے
فقط اک بار ہی کہہ دو ہمیں تم سے محبت ہے
یہ موسم بھی سہانا ہے تری یادوں کے میلے ہیں
ترے بن ایک بھی لمحہ بتا لینا قیامت ہے
برا کہتا ہے مجھ کو یہ زمانہ میں نے مانا ہے
نہ جانے کیوں اسے تجھ سے نہیں کوئی شکایت ہے
اچانک یوں جو مجھ سے بد گماں تو ہو گیا ہمدم
مجھے لگتا ہے یہ میرے رقیبوں کی شرارت ہے
نہیں کوئی خطا میری وہ پھر بھی زخم دیتے ہیں
میں ہوں بیمار الفت بس دوا میری محبت ہے
رہے کب تک بھلا مہتاب تنہائی کے عالم میں
کہ اب تو آ بھی جا اس کو فقط تیری ضرورت ہے
جب سے مرے رقیب کا رستہ بدل گیا (غزل)
جب سے مرے رقیب کا رستہ بدل گیا
تب سے مرے نصیب کا نقشہ بدل گیا
شیریں تھا کتنا آپ کا انداز گفتگو
دو چار سکے آتے ہی لہجہ بدل گیا
کس کی زبان سے مجھے دیکھو خبر مجھے
کیسے مرے حریف کا چہرہ بدل گیا
ان کے بدلنے کا مجھے افسوس کچھ نہیں
افسوس یہ ہے اپنا ہی سایہ بدل گیا
جب سے بڑوں کی گھر سے حکومت چلی گئی
جنت نما مکان کا نقشہ بدل گیا
راہوں کی خاک چھانتا پھرتا ہوں آج تک
رہبر بدل گیا کبھی رستہ بدل گیا
کہتا ہے اس کے جانے سے کچھ بھی نہیں ہوا
مہتابؔ جبکہ دل کا وہ ڈھانچہ بدل گیا