پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بشیرالنساء بیگم بشیر کی غزلیں — Basheerunnisaa Begam Basheer Ghazals

بشیرالنساء بیگم بشیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تجھ پہ کیا خاک اے زمیں ہوتا (غزل)

تجھ پہ کیا خاک اے زمیں ہوتا

ہم نہ ہوتے تو کچھ نہیں ہوتا

نہ یہ دنیا میں شورشیں ہوتیں

اور نہ یہ ذوق آں و ایں ہوتا

زندگی نام ہے تڑپنے کا

جب سکوں ہو سکوں نہیں ہوتا

حشر سو بار رونما ہوتا

دل کو آنکھوں پہ گر یقیں ہوتا

کس قدر دل نواز منظر ہے

کاش برجا دل حزیں ہوتا

کچھ بڑی بات تھی ید اللہہی

تجھ کو اپنے پہ گر یقیں ہوتا

آگے چرچے تھے جن کی باتوں کے

ان کا اب ذکر تک نہیں ہوتا

دل میں اگلی سی بات گر ہوتی

حرف نا خواندہ دل نشیں ہوتا

گردش چرخ کہہ رہی ہے بشیرؔ

جذب کامل سے کیا نہیں ہوتا

کہاں تک کوئی وضع اپنی سنبھالے (غزل)

کہاں تک کوئی وضع اپنی سنبھالے

نظر آ رہے ہیں تماشے نرالے

پرستار مغرب نہ کیوں کر ہو دنیا

بناتے نئے بت ہیں تہذیب والے

گیا ذوق اہل نظر کی نظر سے

نئی روشنی کے ہیں سارے اجالے

بلاوے یہ پھر کیوں انہیں آ رہے ہیں

بھری بزم سے جو گئے ہیں نکالے

جو لذت میسر ہے ذوق طلب میں

نہیں اس سے واقف ترے عرش والے

تو نیرنگی روز و شب سے نہ اکتا

زمانے ابھی اور ہیں آنے والے

گئی آہ دنیا سے روشن ضمیری

کہ شاہیں بنے زاغ کی چلنے والے

نہ نکلیں گے کانٹے بشیرؔ اپنے دل کے

اگر ایک دو ہوں تو کوئی نکالے

اس دیس کی چاہت فانی ہے (نظم)

اس دیس کی چاہت فانی ہے

یاں حسن و وجاہت فانی ہے

یاں جنگ و رقابت فانی ہے

یاں امن و اقامت فانی ہے

جس دیس میں آنی راج نہیں

اس دیس میں چل سنسار کریں

یاں جنس تغیر سستی ہے

یاں خوف بلند و پستی ہے

فطرت بھی رہین ہستی ہے

یہ وہم و گماں کی بستی ہے

پھولوں کی لطافت جھوٹی ہے

شبنم کی طراوت جھوٹی ہے

یہ پریم یہ چاہت جھوٹی ہے

یہ روپ یہ رنگت جھوٹی ہے

سکھ دیس کو چل ہاں دیر نہ کر

چل چھور چلیں یہ پھوٹ نگر

رکھ تیز قدم بجتا ہے گجر

ہے کتنا مبارک اپنا سفر

واں گردش صبح و شام نہیں

واں حزن نہیں آلام نہیں

آغاز نہیں انجام نہیں

انسان جہاں ناکام نہیں

آنند بھی ہو آرام بھی ہو