پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بشیر الدین راز کی غزلیں — Basheeruddin Raaz Ghazals

بشیر الدین راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جلووں کا ان کے دل کو طلبگار کر دیا (غزل)

جلووں کا ان کے دل کو طلبگار کر دیا

اے شوق کس بلا میں گرفتار کر دیا

اک ہو گیا اضافہ مری زندگی میں اور

تم نے جو دل کو مائل آزار کر دیا

دل کی مجھے خبر ہے نہ دل کو مری خبر

ملتے ہی آنکھ کیا نگہ یار کر دیا

دل بستگی کے واسطے دل کو لگایا تھا

امید حسرتوں نے اک آزار کر دیا

رکھ لی جنوں نے بات مری ان کے سامنے

ہر آبلہ سے خار نمودار کر دیا

ہیں سختیاں بڑھی ہوئی زنداں میں آج کل

دو گام چلنا بھی مجھے دشوار کر دیا

یہ کیسا روگ دل کو لگا انتظار کا

آنکھوں کو ان کا طالب دیدار کر دیا

کس نے کرم کیا یہ مرے حال زار پر

اس بے خودیٔ عشق سے ہشیار کر دیا

میں نے چھپایا لاکھ مگر اشک غم نے آہ

اے رازؔ راز شوق کا اظہار کر دیا

دل جو امیدوار ہوتا ہے (غزل)

دل جو امیدوار ہوتا ہے

تیر غم کا شکار ہوتا ہے

جب ترا انتظار ہوتا ہے

دل مرا بے قرار ہوتا ہے

یہ ہی فصل جنوں کی ہے تمہید

پیرہن تار تار ہوتا ہے

آنکھ ملتے ہی اس ستم گر سے

تیر سینے کے پار ہوتا ہے

مسکراہٹ لبوں پہ ہے ان کے

دل مرا اشک بار ہوتا ہے

اس کا کرتے ہیں اعتبار کہ جو

قابل اعتبار ہوتا ہے

اٹھ کے پہلو سے جا رہا ہے کوئی

کیا یہ پروردگار ہوتا ہے

کیا بتاؤں تری جدائی میں

جو مرا حال زار ہوتا ہے

شام غم انتظار میں ان کے

موت کا انتظار ہوتا ہے

ان کے جانے کا نام سن کر رازؔ

کچھ عجب حال زار ہوتا ہے

غریبی تنگ دستی میں قناعت ہے بغاوت ہے (نظم)

غریبی تنگ دستی میں قناعت ہے بغاوت ہے

نہ دولت ہے نہ راحت ہے نہ عزت ہے بغاوت ہے

الم ہے یاس ہے غم ہے مصیبت ہے بغاوت ہے

اکیلی جان ہے صدمہ بہ کثرت ہے بغاوت ہے

کسی سے بات کرنا بھی مصیبت ہے بغاوت ہے

زمانے سے اگر ہم کو شکایت ہے بغاوت ہے

رواں آنکھوں سے اشک غم بہ کثرت ہے بغاوت ہے

نمایاں خون دل کی حالت ہے بغاوت ہے

بلا ہے کیا مصیبت ہے بغاوت ہے بغاوت ہے

زباں پر آج دنیا کی حکایت ہے بغاوت ہے

معاذ اللہ کیا ہم پر قیامت ہے بغاوت ہے

ہر اک ذرہ یہ کہتا ہے بغاوت ہے بغاوت ہے

عجب دور مصیبت ہے بغاوت ہے بغاوت ہے

جہاں میں ہر طرف اپنی یہ شہرت ہے بغاوت ہے

عجب دنیا کی حالت ہے بغاوت ہے بغاوت ہے

زمانے کو نہ جانے کیوں شکایت ہے بغاوت ہے

ہماری جان تک نذر عنایت ہے بغاوت ہے

وفاداری پہ دھبہ ہے یہ تہمت ہے بغاوت ہے

مزید غزلیں از بشیر الدین راز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں