بشیر منذر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا بچھڑ کر رہ گیا جانے بھری برسات میں (غزل)
کیا بچھڑ کر رہ گیا جانے بھری برسات میں
ایک کوئل کوکتی ہے آم کے باغات میں
سوچ میں گم فاختہ بیٹھی ہوئی ہے شاخ پر
باز ہے اوپر تو نیچے اک شکاری گھات میں
وقت کے پنچھی کو اڑنا تھا بالآخر اڑ گیا
آڑی ترچھی کچھ لکیریں ہیں فقط اب ہاتھ میں
کوئی جیتا ہے جیے گر کوئی مرتا ہے مرے
آج کے انساں کو دلچسپی ہے اپنی ذات میں
اک تعلق اک محبت ہے مجھے اس شہر سے
میرے بچپن کا بڑا حصہ کٹا گجرات میں
جل رہی تھی رات میری تپ رہا تھا میرا دن
کیا جیے منظر کوئی ایسے کٹھن حالات میں
اچھے کبھی برے ہیں حالات آدمی کے (غزل)
اچھے کبھی برے ہیں حالات آدمی کے
پیچھے لگے ہوئے ہیں دن رات آدمی کے
رخصت ہوئے تو جانا سب کام تھے ادھورے
کیا کیا کریں جہاں میں دو ہات آدمی کے
مٹی سے وہ اٹھا ہے مٹی میں جا ملے گا
اڑتے پھریں گے اک دن ذرات آدمی کے
اک آگ حسرتوں کی سوچوں کا اک سمندر
کیا کیا وبال یا رب ہیں ساتھ آدمی کے
اس دور ارتقا میں منذرؔ قدم قدم پر
پامال ہو رہے ہیں جذبات آدمی کے