بشیر دادا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ترے بعد اس جہاں میں کوئی دوسرا نہیں تھا (غزل)
ترے بعد اس جہاں میں کوئی دوسرا نہیں تھا
ارے بے مثال تجھ سا کوئی بے وفا نہیں تھا
مرا ڈوبتا سفینہ کہوں کیسے پار اترا
مرے ساتھ اک خدا تھا کوئی نا خدا نہیں تھا
ترے عشق کے تلاطم نے ڈبو دیا ہے ورنہ
تو اے موج ریگ میں بھی کوئی بلبلا نہیں تھا
تو ٹھٹھرتی سردیوں میں کبھی آگ لینے آتی
میں جگر جلائے رکھتا کوئی دل جلا نہیں تھا
وہ مثال خواب منظر نہ لگے پلک پلک سے
کوئی خواب پھر نہ جاگے مجھے یہ پتا نہیں تھا
ترے اس مریض دل تک تو کبھی پہنچ نہ پائی
تو یہ بات سو چھپائے میں کہیں چھپا نہیں تھا
میں تمام ہوش کھو کر ترے در پہ جاں سے جاتا
ترے گھر کے راستوں میں کہیں مے کدہ نہیں تھا
محبت کی ہوائے دل ربا سے جھوٹ بولے گی (غزل)
محبت کی ہوائے دل ربا سے جھوٹ بولے گی
حسیں کاذب ہے وہ اہل وفا سے جھوٹ بولے گی
وہ اک اک جھوٹ جھٹلانے کو سو سو جھوٹ بولے گی
وہ خود سے جھوٹ بولے گی خدا سے جھوٹ بولے گی
مرے معصوم سچ کو کچہری میں لا کھڑا کر کے
کوئی دیکھے کہ وہ کس کس ادا سے جھوٹ بولے گی
اسی کے جھوٹ سے گرداب میں اس کا سفینہ ہے
مگر الٹا وہ اپنے نا خدا سے جھوٹ بولے گی
یہ مانا صبح صادق کو کرے وہ جھوٹ سے توبہ
اسی پل وہ مگر باد صبا سے جھوٹ بولے گی
عجب کیا جو اسے ہو جائے عمر جاوداں حاصل
جو وہ شیریں دہن اپنی قضا سے جھوٹ بولے گی