پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بشیر احمد شہید کی غزلیں — Basheer Ahmed Shaheed Ghazals

بشیر احمد شہید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نکھرے ہوئے عارض ہیں بکھرے ہوئے گیسو بھی (غزل)

نکھرے ہوئے عارض ہیں بکھرے ہوئے گیسو بھی

اے اہل نظر دیکھو جلوہ بھی ہے جادو بھی

موسم کی طرح ان کے تیور بھی بدلتے ہیں

پھر جاتی ہیں نظریں بھی تن جاتے ہیں ابرو بھی

اظہار تمنا پر ہنس ہنس کے نہیں کہنا

انکار میں شامل ہے اقرار کا پہلو بھی

اے عشق بتا تو ہی یہ کون سا عالم ہے

ہونٹوں پہ تبسم ہے آنکھوں میں ہیں آنسو بھی

گلشن میں بھی دیوانو صحرا کے مزے لوٹو

گردش میں ہے بزم گل آوارہ ہے خوشبو بھی

سچ ہے کہ مرا دامن آلودہ ہے اے واعظ

یہ جھوٹ نہیں لیکن بے داغ نہیں تو بھی

ارباب سیاست سے کہنا ہے شہیدؔ اتنا

ارباب محبت کا شہکار ہے اردو بھی

دل کے ہر داغ کو سینے سے لگائے رکھئے (غزل)

دل کے ہر داغ کو سینے سے لگائے رکھئے

خانۂ دل میں یہ فانوس جلائے رکھئے

زندگی وقت کے سانچے میں ڈھلی جاتی ہے

دیدہ و دل کو قرینے سے سجائے رکھئے

شام غم کا جو فسانہ تھا وہ اب ختم ہوا

صبح امید کا ماحول بنائے رکھئے

اپنے اخلاص و محبت کے ہیں قائل سب لوگ

زندگانی کا یہی رنگ جمائے رکھئے

میں ابھی چپکے سے پی آتا ہوں میخانے سے

زاہدوں کو ذرا باتوں میں لگائے رکھئے

رازداں اپنا فرشتہ نہیں انساں ہی تو ہے

دل کے ہر راز کو دل میں ہی چھپائے رکھئے

یہ جو ہے فرصت امروز غنیمت ہے شہیدؔ

آج کے کام کو کل پر نہ اٹھائے رکھئے

مزید غزلیں از بشیر احمد شہید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں