پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بشیر احمد شاد کی غزلیں — Basheer Ahmad Shad Ghazals

بشیر احمد شاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خلقت شہر تو کہنے کو فسانے مانگے (غزل)

خلقت شہر تو کہنے کو فسانے مانگے

میری رسوائی کے کیا کیا نہ بہانے مانگے

میں اسے روز نئے زخم دکھاؤں پھر بھی

دل بے مہر وہی درد پرانے مانگے

ایک آوارۂ منزل سے محبت کر کے

تو بڑے شہر میں رہنے کو ٹھکانے مانگے

یاد ماضی کے سوا پاس مرے کچھ بھی نہیں

تو میری جان وہ پہلے سے زمانے مانگے

رات بھر جاگتے رہنا تو نصیب اپنا تھا

سونے والا تو کوئی خواب سہانے مانگے

دل ناداں سے قناعت کی توقع ہے کسے

پا لیا ان کو تو کیا اور نہ جانے مانگے

میں چلا جاؤں گا میری دل لگی رہ جائے گی (غزل)

میں چلا جاؤں گا میری دل لگی رہ جائے گی

پیار سے خالی تمہاری زندگی رہ جائے گی

چاند گہنا جائیں گے جب وقت کے آکاش پر

آنگنوں میں بین کرتی چاندنی رہ جائے گی

تیرگی میں چھوڑ جائیں گے سبھی تجھ کو مگر

میری یادوں کی فقط اک روشنی رہ جائے گی

لوٹنے والو وفا کے نام پر اے دوستو

اس جہاں میں ہاتھ ملتی دوستی رہ جائے گی

کیا بنے گا اس جہاں میں اشرف المخلوق کا

ہر طرف جب دشمنی ہی دشمنی رہ جائے گی

وہ بھی دن آئیں گے اس دھرتی پہ لوگو دیکھنا

چار سو جب آشتی ہی آشتی رہ جائے گی

زندگی خواب نہیں (نظم)

زندگی خواب نہیں

نقش بر آب نہیں

سوچ کا دریا ہے

عمل کا صحرا ہے

وصل کا روپ ہے

ہجر کی دھوپ ہے

یار کی نشانی ہے

پیار کی کہانی ہے

درد کی خوشبو ہے

اک سلگتی آرزو ہے

زندگی شام بھی ہے

شام بے نام بھی ہے