پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بقا اللہ بقاؔ کی غزلیں — Baqaullah Baqa Ghazals

بقا اللہ بقاؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق میں بو ہے کبریائی کی (غزل)

عشق میں بو ہے کبریائی کی

عاشقی جس نے کی خدائی کی

ہم سری مت صبا سے کر اے آہ

تو نے بھی کچھ گرہ کشائی کی

لے چلے ہم قفس سے اے صیاد

خاک میں آرزو رہائی کی

روز محشر تلک نہ آخر ہوں

داستانیں شب جدائی کی

شیخ جیو سے ہوئی نہ سرزد باو

چول بولی ہے چارپائی کی

جس میں یاران بزم ہوں محظوظ

یوں بقاؔ میں غزل سرائی کی

میر بھی ورنہ خوب کہتے ہیں

کاٹیے جیب ان کی دائی کی

دل خوں ہے غم سے اور جگر یک نہ شد دو شد (غزل)

دل خوں ہے غم سے اور جگر یک نہ شد دو شد

لب خشک ہیں تو چشم ہے تر یک نہ شد دو شد

رسوا تو نالہ کر کے ہوئے لیکن اس نے یار

دل میں ترے کیا نہ اثر یک نہ شد دو شد

اول تو ہم کو طاقت پرواز ہی نہ تھی

تس پر بریدہ ہو گئے پر یک نہ شد دو شد

پایا نہ ہم نے سود محبت میں یار کی

اس پر بھی پہنچتا ہے ضرر یک نہ شد دو شد

چھڑکا مرے جگر پہ نمک غیر سے رہا

پیوستہ مثل شیر و شکر یک نہ شد دو شد

آوارہ جوں صبا ہوں پر اب جستجوئے یار

رکھتی ہے مجھ کو خاک بسر یک نہ شد دو شد

مشکل تھا دیکھنا ہی ترا تس پہ روز وصل

لائی نہ چشم تاب نظر یک نہ شد دو شد

نالاں ہم اپنے اشک کے ہاتھوں تھے اب بقاؔ

بہنے لگیں ہیں لخت جگر یک نہ شد دو شد