پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

باقر نقوی کی غزلیں — Baqar Naqvi Ghazals

باقر نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شور دریا ہے کہانی میری (غزل)

شور دریا ہے کہانی میری

پانی اس کا ہے روانی میری

کچھ زیادہ ہی بھلی لگتی ہے

مجھ کو تصویر پرانی میری

جب بھی ابھرا ترا مہتاب خیال

کھل اٹھی رات کی رانی میری

بڑھ کے سینے سے لگا لیتا ہوں

جیسے ہر غم ہو نشانی میری

مہرباں مجھ پہ ہے اک شاخ گلاب

کیسے مہکے نہ جوانی میری

پھر ترے ذکر کی سرسوں پھولی

پھر غزل ہو گئی دھانی میری

کچھ تو اعمال برے تھے اپنے

کچھ ستاروں نے نہ مانی میری

لکھی جائے گی ترے برف کے نام

جو تمنا ہوئی پانی میری

تم نے جو بھی کہا میں نے مانا

تم نے اک بات نہ مانی میری

مختصر بات تھی جلدی بھی تھی کچھ

اس پہ کچھ زود بیانی میری

اے کہکشاں‌ نواز مقدر اجال دے (غزل)

اے کہکشاں‌ نواز مقدر اجال دے

میری طرف بھی ایک ستارہ اچھال دے

ہم پورے آفتاب کے قابل نہیں اگر

تھوڑی سی پیلی دھوپ ہی آنکھوں میں ڈال دے

ہاں کہتے کہتے گنگ نہ ہو جائے دل کہیں

یا رب مری زبان کو تاب سوال دے

روگی ہوا ہے دھوپ کو ترسا ہوا بدن

اے مامتا سپوت کو گھر سے نکال دے

کوئی تو دوستوں سے مرے دوستی کرے

کوئی تو مہرباں ہو بلاؤں کو ٹال دے

تو لفظ گر تو ہے تجھے شاعر کہیں گے جب

اک بے زبان حرف کو نغمے میں ڈھال دے

بجلی کا تیر جیسے دھنک کی کمان میں

کیا اور اس شباب کی کوئی مثال دے

باقرؔ اس آفتاب میں جوہر ہے اس قدر

آ جائے جوش میں تو سمندر ابال دے

میرے لان کی گھاس (نظم)

میرے لان کی گھاس

روز رات میں بڑھ جاتی ہے

رات میں ہی ہر گھاس بھلا کیوں بڑھتی ہے

کیا سورج سے ڈرتی ہے

میری منڈیر کی سبز چنبیلی

کانٹوں بھری دیوار پہ

اندھیارے میں سیڑھی سیڑھی چڑھتی ہے

رات میں بیل بھلا کیوں چڑھتی ہے

میرے گھر پر اوس کی برکھا

شام ڈھلے سے چپکے چپکے برستی ہے

پھول پات میں بستی ہے

رات میں اوس بھلا کیوں پڑتی ہے

سورج سے ہم سب ڈرتے ہیں

آخر کیوں

مزید غزلیں از باقر نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں