باقی احمد پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بہت جلدی تھی گھر جانے کی لیکن (غزل)
بہت جلدی تھی گھر جانے کی لیکن
مجھے پھر شام رستے میں پڑی ہے
نصاب زندگی جس میں لکھا ہے
کتاب دل وہ بستے میں پڑی ہے
نہیں ارزاں متاع رائیگانی
مگر مجھ کو یہ سستے میں پڑی ہے
وہ ایسے ڈھونڈنے نکلے ہیں باقیؔ
محبت جیسے رستے میں پڑی ہے
مجھ سے بچھڑ کے وہ بھی پریشان تھا بہت (غزل)
مجھ سے بچھڑ کے وہ بھی پریشان تھا بہت
جس کی نظر میں کام یہ آسان تھا بہت
سوچا تو بے خلوص تھیں سب اس کی قربتیں
جس کے بغیر گھر مرا ویران تھا بہت
بے خواب سرخ آنکھوں نے سب کچھ بتا دیا
کل رات دل میں درد کا طوفان تھا بہت
یہ کیا کیا کہ پیار کا اظہار کر دیا
میں اپنی اس شکست پہ حیران تھا بہت
وحشت میں کیوں کسی کے گریباں کو دیکھتا
میرے لیے تو اپنا گریبان تھا بہت
اب تو کوئی تمنا ہی باقیؔ نہیں رہی
یہ شہر آرزو کبھی گنجان تھا بہت
مزید غزلیں از باقی احمد پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں