پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بلراج بخشی کی غزلیں — Balraj Bakhshi Ghazals

بلراج بخشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہیں بھی زندگی اپنی گزار سکتا تھا (غزل)

کہیں بھی زندگی اپنی گزار سکتا تھا

وہ چاہتا تو میں دانستہ ہار سکتا تھا

زمین پاؤں سے میرے لپٹ گئی ورنہ

میں آسمان سے تارے اتار سکتا تھا

جلا رہی ہیں جسے تیز دھوپ کی نظریں

وہ ابر باغ کی قسمت سنوار سکتا تھا

عجیب معجزہ کاری تھی اس کی باتوں میں

کہ وہ یقیں کے جزیرے ابھار سکتا تھا

مرے مکان میں دیوار ہے نہ دروازہ

مجھے تو کوئی بھی گھر سے پکار سکتا تھا

پر اطمینان تھیں اس کی رفاقتیں بلراجؔ

وہ آئنہ میں مجھے بھی اتار سکتا تھا

کہاں سے منظر سمیٹ لائے نظر کہاں سے ادھار مانگے (غزل)

کہاں سے منظر سمیٹ لائے نظر کہاں سے ادھار مانگے

روایتوں کو نہ موت آئے تو زندگی انتشار مانگے

سفر کی یہ کیسی وسعتیں ہیں کہ راستہ ہے نہ کوئی منزل

تھکن کا احساس بھی نہ اترے قدم قدم رہ گزار مانگے

تلاش کے باوجود سچ ہے کہ میرے حصے میں کچھ نہ آیا

کہ میں نے خوشیاں ہزار ڈھونڈیں کہ درد میں نے ہزار مانگے

اگر وہ دینا ہی چاہتا ہے تو منزلوں کا سراغ دے دے

اگر اسے مانگنا ہی ٹھہرے تو راستوں کا غبار مانگے

کبھی اچانک ہی گھیر لیتے ہیں راہ میں ناگزیر لمحے

کوئی کہاں تک پناہ ڈھونڈے کوئی کہاں تک فرار مانگے

سزائیں تجویز کر کے رکھو یہ ایک لمحۂ فکریہ ہے

کہ کوئی بلراجؔ اپنی مرضی سے جینے کا اختیار مانگے

پھٹی پھٹی سی نگاہوں سے تک رہے تھے سبھی (نظم)

پھٹی پھٹی سی نگاہوں سے تک رہے تھے سبھی

نسیں تنی تھیں رگ جاں پھڑک رہی تھی

اچانک دلوں کی دھڑکنیں

سر میں دھمکنے لگتی تھیں

قطب نما نہ کوئی باد نما اور نہ مرغ باد نما

ہوائیں آندھیاں طوفان برف و باراں

تمام اہل صفت اشک شوئی کرتے رہے

وہ عارفانہ تجاہل

دعائے خیر

خودکشی تھی کہ دانستہ اختناق اب کسے معلوم

بتا رہا ہے مگر آج کا آثار فروش

سبھی کو خوف تھا افشائے راز کا ورنہ

اندھیرا دھل جاتا

پکارتا کوئی سم سم

تو در بھی کھل جاتا

مزید غزلیں از بلراج بخشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں